حیدرآباد ترقی کی سمت گامزن ، مسلمانوں میں تعلیمی شعور بیدار

جی ای ایس میں تین بھائی بہنوں کو شرکت کا اعزاز،حیدرآباد نژاد امریکی نوجوان منصور، امامہ اور سید حیدر سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : گلوبل انٹر پرینور شپ سمٹ میں 150 سے زائد ملکوں کے وفود نے شرکت کی ۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر اور مشیر ایوانکا ٹرمپ کی شرکت نے اسے یادگار بنادیا لیکن 1500 سے زائد پیشہ وارانہ ماہرین و ابھرتے صنعتکاروں میں تین نوجوان انٹرپرینورس سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ ان تینوں نوجوانوں کی خاص بات یہ ہے کہ وہ نہ صرف ایک ملک ایک ریاست ایک شہر بلکہ ایک گھر سے ہی تعلق رکھتے ہیں اور آپس میں سگے بھائی بہن ہے ۔ گلوبل انٹر پرنیورشپ سمٹ کی تاریخ میں ایسا شائد پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک ہی خاندان کے 3 فرد ( دو بھائی اور ایک بہن ) کو اپنے ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا ۔ قارئین ہم بات کررہے ہیں ڈاکٹر سید منصور قادری ، ان کی بہن سیدہ امامہ قادریہ اور بھائی سید حیدر قادری کی جنہیں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ان کی کاروباری صلاحیتوں علمی لیاقت اور مواصلاتی صلاحیتوں کے پیش نظر گلوبل انٹرپرینور شپ سمٹ 2017 کے لیے امریکہ کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ان تینوں بھائی بہن کا تعلق حیدرآباد دکن کے ایک معتبر مشائخ خاندان سے ہے یہ تینوں نیویارک امریکہ میں پیدا ہوئے وہیں پلے بڑے اور تعلیم بھی حاصل کی اور وہیں اسٹارٹ اپس بھی چلا رہے ہیں اس کے باوجود ان نوجوانوں نے خود کو سرزمین حیدرآباد اس کی تہذیب آداب و اطوار اور روایتوں سے پوری طرح جوڑ رکھا ہے ۔ دفتر سیاست میں سید منصور قادری ، سید امامہ قادریہ اور سید حیدر قادری نے اپنے والد انجینئر سید صادق قادری کے ہمراہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں اور نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر راقم الحروف سے بات چیت کرتے ہوئے ان نوجوان صنعتکاروں نے بتایا کہ آج وہ تینوں جس مقام پر ہیں وہ ان کے والدین انجینئر سید صادق قادری اور ڈاکٹر سیما سیدہ کی محنت و تربیت کا نتیجہ ہے ۔ ان کے والدین نے اپنے بچوں کو اپنی جڑوں سے کٹنے نہیں دیا بلکہ دینی و دنیاوی تعلیم سے انہیں آراستہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جواب میں ان بچوں نے بھی والدین کے ہر حکم کو اولین اہمیت دیتے ۔ اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ واضح رہے کہ سید منصور قادری ، امامہ سیدہ اور سید حیدر قادری کے دادا سید موسیٰ قادریؒ اور دادی سیدہ ام الابرار سیادت النساء مرحومہ کی حیدرآباد میں ایک علحدہ پہچان رہی ۔ سید موسیٰ قادری کا شمار متحدہ آندھرا پردیش کے سرفہرست کنٹریکٹرس میں ہوتا تھا ۔ سالار جنگ پل ، ہاکا بھون ، قلی قطب شاہ اسٹیڈیم اور سٹی کالج جیسی اہم ترین عمارتوں کی تعمیر میں ان کا اہم کردار رہا ۔ سیدہ ام الابرار سیادت النساء چادر گھاٹ ہائی اسکول کی پرنسپل کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سید منصور اور ان کے بہن اور بھائی نے بتایا کہ حیدرآباد بالکل بدل چکا ہے ۔ قلی قطب شاہ کا یہ شہر فی الوقت ہندوستان کے آئی ٹی ہب ( انفارمیشن ٹکنالوجی ) کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ یہاں صنعتکاری کو غیر معمولی فروغ حاصل ہوا ۔ تعلیمی اداروں کا جال پھیلا دیا گیا ہے ۔ مسلمانوں میں بھی تعلیمی شعور بیدار ہوا ہے ۔ خود خاندانوں میں حصول علم کے معاملہ میں زبردست مسابقت جاری ہے ۔ لڑکیاں تعلیم میں آگے ہیں ۔ ان دونوں بھائیوں اور بہن کا یہ بھی کہنا تھاکہ حیدرآباد کی تہذیب و تمدن اور ثقافت یہاں کی محبت و مروت کا جواب نہیں ۔ جی ای ایس کے مندوبین حیدرآباد کی میزبان اور فلک نما جیسی پرشکوہ عمارتیں دیکھ کر دیکھتے ہی رہ گئے ۔ ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئی ۔ فلک نما دیکھنے کے بعد انہیں اندازہ ہوگیا کہ حضور نظام نواب میر عثمان علی خاں بہادر یقینا دنیا کی دولت مند ترین شخصیت تھے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ڈاکٹر سید منصور نے 9 سال کی عمر سے ہی بزنس میں دلچسپی لینی شروع کی ۔ میڈیکل اسکول سے گریجویشن کے بعد اپنی والدہ محترمہ کے مشورہ پر مارشل اسکول آف بزنس سے سائنس ان انٹرپرینور شپ اینڈ انوفیشن پروگرام میں ماسٹرس کیا ۔ فی الوقت وہ ونڈو شاپرس اسٹارٹ اپ چلا رہے ہیں ۔ ینگ پریسڈنٹس آرگنائزیشن کی اسکالر شپ ایوارڈ حاصل کرنے والی ان کی بہن امامہ سیدہ SIY نامی وینچر چلا رہی ہیں ۔ Sce it yourself دراصل ایک ایپ ہے ۔ یونیورسٹی آف کیلفورنیا سے انٹرپرینور شپ اینڈ انوویشن میں ایم ایس سی کرنے والے سید حیدر قادری فلوس نامی موبائل ایپ کے بانی اور سی ای او ہے جو رقومات کی منتقلی کو یقینی بناتا ہے ۔ ان تینوں نے بتایا کہ جی ای ایس کے ابتدائی مرحلہ کی کارروائی کے دوران بھی یو ایس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو یہ پتہ نہیں تھا کہ تینوں ایکدوسرے کے بھائی بہن ہیں ۔ ان تینوں نے بتایا کہ امریکی شہریوں کی اکثریت چاہے وہ کسی مذہب سے کیوں تعلق نہ رکھتی ہو ۔ وسیع الذہن اور وسیع القلب ہے ۔ حیدرآبادی شہریوں کے نام پیام میں منصور ، امامہ اور حیدر نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ ان لوگوں نے سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی ملی و قومی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ امریکہ میں سیاست کے فلاحی کاموں کی مثالیں دی جاتی ہیں ۔۔