حیدرآباد اور میرٹھ فسادات ریاستوں کو چوکسی اختیار کرنے وزارت داخلہ کی ہدایت

نئی دہلی۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد اور میرٹھ میں حالیہ فرقہ وارانہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز نے تمام ریاستوں کو چوکسی اختیار کرنے اور کسی کی طرف سے فسادات کے لئے اُکسانے کی کوششوں کو ناکام بنانے ممکنہ اقدامات کی ہدایت دی۔ وزارت داخلہ تمام ریاستوں کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ خاطر خواہ سکیورٹی فورسیس متعین کی جائیں اور تمام حساس علاقوں پر امن و فرقہ ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔ مرکزی معتمد داخلہ انیل گوسوامی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے

کہا کہ ہم نے تمام ریاستوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور میرٹھ کے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئے تھے۔ وزارت داخلہ کی یہ ہدایت عام انتخابات کے نتائج سے ایک دن قبل جاری کی گئی ہیں۔ حکومت اترپردیش نے پہلے ہی کامیابی کے جلوسوں پر امتناع عائد کردیا ہے۔ حکومت آسام نے 11 حساس اضلاع میں کامیابی کا جلوس نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ مذہبی مقامات، مارکٹس، ریلوے اسٹیشنس، ایرپورٹ اور پُرہجوم مقامات پر زیادہ چوکسی برتی جائے اور امن میں رخنہ اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔