موسمی عدم توازن سے شہر اور اضلاع میں وبائیں
حیدرآباد۔/24اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ بالخصوص دارالحکومت میں اگسٹ کے دوران ناکافی بارش اور خشک موسم سے پیدا شدہ موسمی عدم توازن کے نتیجہ میں کئی موسمی وبائیں پھوٹ پڑی ہیں۔دونوں شہروں میں اگسٹ کے دوران بچے اور عمر رسیدہ مرد و خواتین موسم کی ستم ظریفی سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ موسمی وباؤں اور متعددی امراض کے علاج کے سب سے بڑے مرکز فیور ہاسپٹل اور بچوں کے علاج کیلئے معروف نیلوفر ہاسپٹل میں کھانسی بخار، تنفس میں دشواری، ہیضہ جیسی وباؤں سے متاثر کئی مریض شریک کئے گئے۔ اس دوران یہ تشویشناک اطلاعات بھی منظر عام پر آئی ہیں کہ حیدرآباد اور پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں ڈفتھیریا سے پانچ بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔ ڈیفتھیریا سے اگرچہ رواں سال جنوری اور اگسٹ کے دوران 552 مریضوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن اموات کے انکشاف سے اس متعدی مرض پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹیکہ اندازی کے ذریعہ ڈفتھیریا سے بچا جاسکتا ہے۔
لیکن بچوں کے ماں باپ کو اس کا علم نہ ہونے کے سبب بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں رکاوٹ ہورہی ہے۔