تہنیتی تقریب کا انعقاد ، پروفیسر سید ایوب علی کی مرتب کردہ مختلف ریسرچ مضامین کی کتاب کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر ایم اے نعیم کی جانب سے حیدرآباد اور دکن پر کئے گئے 50 سالہ ریسرچ اور اشاعتوں کے کام کے اعتراف میں دکن ہسٹری سوسائٹی اور حیدرآباد ہسٹاریکل سوسائٹی کے ارکان نے سالار جنگ میوزیم کے تعاون و اشتراک سے 11 اپریل 2015 کو ڈاکٹر نعیم کی تہنیتی تقریب منعقد کی اور انہیں ایک فلیسیٹیشن وئیلیوم پیش کیا ۔ جس میں کئی طرح کے ریسرچ آرٹیکلس ( تحقیقاتی مضامین ) کا ایک منفرد امتزاج ہے جس میں ہندوستان اور بیرونی ممالک کے 34 مصنفین کے مضامین ، فارسی بشمول غیر مطبوعہ فارسی کے دستاویزات ، پرتگالی ریکارڈس اور دیگر کئی زبانوں میں مضامین شامل ہیں ۔ جو مختلف عنوانات جیسے آرٹ ، آرکیالوجی ، آرکیٹکچر ، عربی خطاطی ، تہذیب و ثقافت ، سیاست ، تصوف ، مغلیہ دور کے سکے ، دکن کے ایران کے ساتھ تعلقات پر محیط ہیں ۔ اس کتاب کے حصہ اول میں ڈاکٹر نعیم کے بائیو گرافیکل اسکیچ اور ریسرچ پبلیکیشنس ( 20 کتابیں 50 سے زائد تحقیقی مقالے ) وغیرہ کے ساتھ ان کے تین فرزندان ڈاکٹر ندیم ، ڈاکٹر وسیم اور ڈاکٹر مقیم کے ساتھ ان کی تصاویر شامل ہیں ۔ کتاب کے دوسرے حصہ میں ہندوستان اور بیرونی ممالک کے مشہور مورخین کے 31 تحقیقی مضامین بھی ہیں ۔ بہمنی اور برید شاہی حکمرانوں کے غیر مطبوعہ فارسی دستاویزات سے صوفی سنتوں کی زندگی اور عوام میں ان کے رول کی عکاسی ہوتی ہے ۔ کتاب کا تیسرا حصہ آرٹ ، آرکیٹکچر اور عربی خطاطی سے متعلق ہے ۔ ڈاکٹر ہیلن فلیان ، بیدر میں شاہ خلیل اللہ کی چوکھنڈی کے فن تعمیر کے بارے میں تحریر کرتی ہیں ۔ ڈاکٹر جی ایس خواجہ کی جانب سے بیجا پور کے عادل شاہی حکمرانوں کی اسلامی خطاطی ( 16 ویں ۔ 17 ویں صدی ) کی تشریح کی گئی ہے ۔ اس کتاب کے چوتھے حصہ میں آرکیالوجیکل پہلوؤں کے چھ مضامین شامل ہیں ۔ اس کے چھٹے حصہ میں اس وئیلیوم کے ایڈیٹر ڈاکٹر سید ایوب علی نے ایران ۔ قطب شاہی تعلقات کو بیان کیا گیا ہے جو اصل پرسین ڈپلومیٹک لیٹرس پر مبنی ہے ۔ کتاب کے آٹھویں حصہ میں متفرق مضامین جیسے انگلش ایسٹ انڈیا کمپنی اور بیجا پور کے ساتھ اس کے تجارتی تعلقات ۔ 288 صفحات کی اس کتاب میں 35 ملٹی کلر پلیٹس ، 105 کلر فوٹوز ، 10 غیر مطبوعہ فارسی دستاویزات کی فوٹو کاپیز ہیں ۔ اس کتاب کی قیمت 1000 روپئے ہے ۔ معلومات کے لیے 9849547863 پر ربط کریں ۔۔