جنوب مغربی بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ، محکمہ موسمیات کا انتباہ
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع رنگاریڈی، میدک اور محبوب نگر میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب جنوب مغربی بنگال میں ہوا کے دباؤ میں آنے والی کمی کے اثرات رائلسیما کے ساتھ ریاست تلنگانہ کے ان اضلاع پر بھی مرتب ہوں گے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 31 جولائی تا 4 اگست کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا کہ آئندہ چار یوم تک موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی کے آثار نہیں ہیں لیکن تیز رفتار بارش کے امکانات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اڈیشہ اور جنوبی تملناڈو کے ساتھ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں یکم اگست کو موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع ورنگل، رنگاریڈی، نلگنڈہ، محبوب نگر اور کھمم میں زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ضلع رنگاریڈی کے علاقوں حیات نگر، ابراہیم پٹنم، حکیم پیٹ ، پرگی میں بھی کافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ شب زبردست بارش ریکارڈ کی گئی اور آئندہ چار یوم کے دوران مزید بارش کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے بتایا کہ حیدرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں یکم اگست کو شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ جبکہ آئندہ چار یوم کے دوران موسم اسی طرح خوشگوار رہے گا اور ہلکی و تیز بارش کی توقع کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد دونوں ریاستوں آندھرا پردیش و تلنگانہ کی حکومتوں کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بلدی حدود میں پانی کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا جارہا ہے اور جن مقامات پر مین ہولس موجود نہیں ہیں ، وہاں مین ہول لگائے جانے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔