نشیبی علاقوں میں پانی ‘اہم سڑکوں پر کھڈ‘ ٹریفک متاثر ‘ شہریوں کی برہمی ‘مزیدبارش کا امکان
حیدرآباد۔29جون ( سیاست نیوز) آندھراپردیش اور تلنگانہ کے کئی اضلاع اور دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں آج موسلادھار بارش ہوئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ اضلاع تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید براش ہوگی ۔ آئندہ تین دن کے دوران موسمی حالات میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ ورنگل ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ رنگاریڈی ‘ میدک اور دیگر اضلاع کے علاوہ حیدرآباد میں آج سہ پہر سے شام کے دوران کہیں اوسط اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی۔ حیدآباد میں شام کے اوقات موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ‘ کئی خستہ حال سڑکوں پر کھڈ پڑگئے اور بارش ختم ہونے کے باوجود دونوں شہروں کی اکثر مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بری طرح متاثر رہی جس پر شہریوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ شکستہ سڑکوں‘ کئی مقامات پر مین ہولس کے نہ ہونے اور ناقص اسٹریٹ لائٹس کے سبب حادثات میں اضافہ اور انسانی جانوں کے تحفظ پر اندیشوں کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ ملک پیٹ ریلوے برج تا چادر گھاٹ روڈ کے شکستگی کے سبب ٹریفک میں پھنسے ہوئے ایک عمررسیدہ موٹر سیکل سوار نے سڑکوں کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ارباب اقتدار دیانتداری کے ساتھ پائیدار سڑکیں تعمیر کرنے کے قابل بھی نہیں رہے ۔ چنانچہ ایک طاقتور ملک اور خوشحال ریاست کی تعمیر کے بارے میں حکمرانوں کے وعدوں پر کون یقین کرسکتا ہے ۔ پتلی باؤلی تا معظم جاہی مارکٹ روڈ کی شکستہ حالت پر ایک نوجوان نے کہا کہ ایک موسلادھار بار ہی شہر کی سڑکوں کو بہا لے گئی اور یہی صورتحال برقرار رہی تو ماباقی موسم برسات کے دوران دونوں شہروں میں جگہ جگہ سڑکوں کے بجائے صرف کھڈ ہی نظر آئیں گے ۔