حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع رنگا ریڈی، نظام آباد ، کریم نگر ، عادل آباد میں شدید ترین گرمی کی لہر جاری ہے ۔ حیدرآباد میں آج کا درجہ حرارت 41 ڈگری سنٹی گریڈ رہی۔ نظام آباد ، عادل آباد اور کریم نگر کے بعض مقاماتپر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ حیدرآباد اور اضلاع تلنگانہ میں گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ تاہم خلیج بنگال کے مشرق وسطی علاقہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے علاوہ رائلسیما کے کئی مقامات پر کہیں کہیں ہلکی یا اوسط بارش کا امکان ہے ۔ حیدرآباد میں چہارشنبہ کو مطلع اگرچہ جزوی طور پر ابرآلود رہے گا لیکن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہے گا۔ علاوہ ازیں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کے پیش نظر حیدرآباد میں آ:ندہ چند دن کے دوران جھلسا دینے والی دھوپ اور لو کے ساتھ شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے۔ اس دوران جزائر انڈومان ونکوبار میں مانسون داخل ہوگیا ہے اور کیرالا میں بھی معمول سے چار دن قبل مانسون کے آغاز کا امکان ہے ۔ تلنگانہ بھی قبل از وقت مانسون کے آغاز کی پیش قیاسی کی گئی ہے لیکن گرمی کی لہر سے جلد نجات کا امکان نہیں ہے۔