HIE کے 28 طلبہ IIT-JEE ایڈوانسڈ امتحانات میں شرکت کے لیے کوالیفائیڈ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس (HIE) کے طلبہ نے مسلسل چوتھے سال جے ای ای ۔ میں کوالیفائرس میں ٹاپ رینکس حاصل کئے ہیں ۔ اس سال 28 طلبہ آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای ۔ ایڈوانسڈ امتحانات 2019 میں شرکت کے لیے کوالیفائی ہوئے ہیں ۔ اس طرح HIE کے آئی آئی ٹی ۔ جے ای ای چوتھے بیاچ کے 70 فیصد سے زائد طلبہ کوالیفائی ہوئے ہیں ۔ کیمپس کے ٹاپرس میں بی سدو ( اے آئی آر ) 1352 ، ڈی یشونت ریڈی 4310 ( اے آئی آر ) سید سہیل 4971 ( اے آئی آر ) ، عبدالعظیم 5254 ( اے آئی آر جنرل ) ، شیخ محمد ابرار 8202 ( اے آئی آر ) ، پٹھان نعیم 8054 ( اے آئی آر ) ، محمد رفعت 1036 ( اے آئی آر ۔ جنرل ) اور اے سدھیر چندرا 11972 ( اے آئی آر ) شامل ہیں اور دیگر کئی طلبہ نے اچھے نشانات حاصل کرتے ہوئے آئی آئی ٹی ۔ امتحان کے لیے کوالیفائی ہوئے ہیں ۔ ان تمام طلبہ کو غیاث الدین بابو خاں چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے منتخب کرتے ہوئے انہیں 2 سال کے لیے اسکالر شپ دی گئی تھی تاکہ سماج کے معاشی طور پر کمزور طبقات کے طلبہ کے لیے ترقی کی راہ ہموار ہو ۔ جناب غیاث الدین بابو خاں چیرمین نے اس غیر معمولی نتائج پر طلبہ اور اسٹاف کو مبارکباد دی اور فیکلٹی اور اکیڈیمک اسٹاف کا شکریہ ادا کیا ۔ مسٹر جاوید ہوڈ ، انچارج ، حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس نے کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ دوسروں کے ساتھ مسابقت میں نہیں ہے کیوں کہ اس نے بہتر نتائج کے ساتھ اس کے معیار اور منفرد انداز کو ثابت کیا ہے ۔ ایچ آئی ای کیمپس پر غریب دیہی طلبہ کا انتخاب کر کے انہیں ٹریننگ دی جاتی ہے ۔ یہ انسٹی ٹیوٹ سماج کے تمام طبقات کے لیے کھلا ہے ۔ غیاث الدین بابو خاں چیرٹیبل ٹرسٹ اور فاونڈیشن فار اکنامک اینڈ ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کی جانب سے اس دو سالہ پروگرام میں ہر اسٹوڈنٹ پر تقریبا 5 لاکھ روپئے خرچ کئے جاتے ہیں ۔ اس دو سالہ پروگرام کے لیے سالانہ 150 طلبہ کو داخلہ دیا جاتا ہے جن کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے ۔۔