حیدرآباد آئی ٹی شعبہ کا بہترین مرکز

بنگلور۔/25فبروری، ( پی ٹی آئی) حیدرآباد میں عالمی آئی ٹی کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور حیدرآباد میں اپنے مراکز قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اس شہر میں یہ خصوصیت ہے کہ وہ ملک کے سرکردہ آئی ٹی مرکز کے طور پر بنگلور کی جگہ لے سکتا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد بھی بنگلور کی طرح انفارمیشن ٹکنالوجی انوسٹمنٹ ریجن کے طور پر شہرت کا حامل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان میں فی الحال ایسا کوئی شہر نہیں ہے جو حیدرآباد کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کا بہترین نعم البدل فراہم کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جس قدر زیادہ سرمایہ کاری ہوگی رقم کی قدر بھی اتنی ہی یہاں بڑھے گی۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستان میں ایسا کوئی شہر نہیں ہے جس کا اس معاملہ میں حیدرآباد سے تقابل کیا جاسکے۔ انہوں نے انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ سے خواہش کی کہ وہ حیدرآباد میں اپنے مراکز قائم کریں کیونکہ یہ موافق سرمایہ کار شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاسی استحکام اور فیصلہ کن قیادت پائی جاتی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے آج شہر میں روڈ شو منعقد کیا جس میں آئی ٹی، الکٹرانک شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کیا گیا۔