حیدرآباد ، ہندوستان کا بہترین رہائشی شہر

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کی آبادی میں اضافہ اور رقبہ میں ہونے والی تیز رفتار توسیع کے ساتھ عالمی سطح پر شہر کو ملک میں بہترین رہائشی شہر قرار دئیے جانے کے پیچھے بانی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی دعا کا اثر نظر آتا ہے ۔ شہر حیدرآباد کی بنیاد ڈالنے کے بعد سلطان محمد قلی قطب شاہ نے مناجات کی تھی جس کے الفاظ کچھ یوں تھے :
’’مرا شہرلوگاں سوں معمور کر
رکھیا جوں توں دریا میں من یاسمیع ‘‘
شہر حیدرآباد کو عالمی کمپنی ’ مرسر ‘ نے ہندوستان کے بہترین رہائشی شہروں کی فہرست میں مقام اول دیا ہے اور عالمی سطح پر حیدرآباد کو 138 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ مرسر کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ہندوستان کے دیگر شہر پونے ، ممبئی اور دہلی بھی شامل ہیں ۔ لیکن رہائش کے اعتبار سے حیدرآباد کو ہندوستان کا نمبر ایک شہر قرار دیا گیا ۔ جب کہ ہندوستانی شہر میں پونے کو نمبر 2 اور ممبئی کو نمبر 3 قرار دیا گیا جب کہ ملک کے صدر مقام دہلی کو نمبر 4 پر رکھا گیا ہے ۔ عالمی سطح پر کی گئی اس رینکنگ میں حیدرآباد کو 138 واں مقام حاصل ہوا اور پونے کو 145 ویں مقام پر رکھا گیا ہے ، ممبئی 152 ویں نمبر پر ہے اور دہلی 154 ویں نمبر پر پہنچ چکی ہے ۔ مرسر کی جانب سے جاری کردہ ’ کوالیٹی آف لیونگ رپورٹ 2015 ‘ میں حیدرآباد کو ہندوستان کا بہترین رہائشی شہر قرار دیئے جانے کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے یہ استدلال پیش کیا گیا کہ اس شہر میں بہترین انگریزی اسکولس کے علاوہ عالمی معیار کا تعلیمی انفراسٹرکچر موجود ہے علاوہ ازیں حیدرآباد میں موجود انٹرنیشنل ایرپورٹ سے کئی شہروں تک پروازیں موجود ہیں ۔ مرسر کی جانب سے حیدرآباد کو بہترین رہائشی شہر کا درجہ دئیے جانے کے پیمانے کیا ہیں اس کا تو اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن شہر حیدرآباد کے مکین گزشتہ کئی ماہ سے سوائن فلو جیسی وباء کا سامنا کررہے ہیں ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایت عام ہے ۔ شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک جام روز کا معمول بناہوا ہے ۔ برقی و آبی سربراہی کے معاملہ میں شہر ملک کے دیگر شہروں سے مسابقت کررہا ہے ۔ حیدرآباد کے کئی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جانی ہے ۔ شہر میں موجود سرکاری اسکولوں کے علاوہ تہذیبی ورثہ کی حالت ابتر ہوتی جارہی ہے ۔ اس کے باوجود شہر حیدرآباد کو حاصل ہونے والے یہ اعزازات بانی شہر کی دعاوؤں کے علاوہ کچھ نہیں ہوسکتے ۔۔

انجمن وظیفہ یابان کرناٹک شاخ حیدرآباد کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : محمد کریم الدین سکریٹری انجمن بالا کے بموجب مجلس انتظامی کا دو ماہی اجلاس 8 مارچ بروز اتوار ساڑھے دس بجے دن ہوٹل نایاب نیا پل بصدارت جناب سید قطب عالم صدر انجمن مقرر ہے ۔۔