حیدرآباد ، حادثوں کے شہر میں تبدیل ، راہ گیروں کا سفر غیر محفوظ

عوام کیا چاہتے ہیں
حیدرآباد ، حادثوں کے شہر میں تبدیل ، راہ گیروں کا سفر غیر محفوظ
بلدی حکام اور پولیس کی لاپرواہی سے صورتحال ابتر ، کتوں کی کثرت کی بھی شکایات
حیدرآباد ۔ 22 ؍ستمبر ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد رات کے اوقات کے دوران راہ گیروں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات درکار ہیں اور بلدی عہدیداروں کے علاوہ شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے اگر یہ اقدامات یقینی بنائے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں آئے پیش آ رہے ہیں حادثات کی تعداد میں بڑی کمی لائی جاسکتی ہے ۔ حالیہ عرصہ میں شہر سڑکوں کی ابتر صورتحال کے سبب شہر کی مختلف مقامات پر کئی افراد حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔ جو لوگ حادثہ کا شکار ہوتے ہیں پہلے خود کا علاج کروانے پر مرکوز ہوتی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں کی خستہ حالی ذمہ دار بلدیہ کے خلاف کارروائی ممکن نہیں ہو پاتی ۔ تلنگانہ کی عوام چاہتے ہیںکہ ریاستی حکومت نے جس رفتار سے حیدرآباد کی ترقی کے اقدامات کا اعلان کیا اسی رفتار سے ان پر عمل آوری کو  بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے ۔ شہر میں ہو رہے موٹر گاڑیوں اور موٹر سیکلوں کے حادثات کے علاوہ ٹرک کے سبب رات دیر گئے حادثات رونما ہونے لگے ہیں اسی لئے یہ ضروری ہے کہ جی ایچ ایم سی عملہ نہ صرف خود کو نل ‘ لائیٹ یا ڈرینج اور برقی تک محدود رکھے بلکہ شہر کی مجموعی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے صورتحال سے آگاہی حاصل کریں ۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں سے عوام اس بات کی شکایت کر رہے ہیں کہ ان علاقوں میں آوارہ کتوں کی کثرت کے سبب بھی حادثات رونما ہو رہے ہیں اور متعدد مرتبہ شکایات کے باوجود بلدی عہدیداروں نے مذکورہ علاقوں سے کتوں کو نکال باہر کرنے کے اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے شہر اور شہر کے نواحی علاقوں میں حادثات و اموات رونما ہو رہے ہیں ۔ شہر سے کتوں کی صفائی کے لئے یہ ضروری ہے کہ جی ایچ ایم سی محکمہ ویٹرنری کی جانب سے بڑے پیمانے پر مہم چلاتے ہوئے کتوں کے صفایا پر توجہ مبذول کرے تاکہ شہری بالخصوص رات کے اوقات میں گھر پہنچنے والوںکو اطمینان حاصل رہے ۔ شہر کی سڑکوں کی ابتری اور کتوں کے بہتات کے سبب آئے دن رونما ہو رہے حادثات سے نمٹنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ بلدی عہدیدار ‘ محکمہ پولیس کے علاوہ محکمہ برقی سے تعاون حاصل کرتے ہوئے گلی کوچوں میں سڑکوں اور ٹریفک کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں ۔