سنگارپور میں سیکوریٹی اور نگرانی کے طریقہ کار پر چیف منسٹر کے سی آر کا تبادلہ خیال
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سنگا پور کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے ملاقات کی اور وہاں سیکورٹی اور نگرانی سے متعلق طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر ان دنوں اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ سنگاپور کے دورہ پر ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر نے پولیس کمشنر اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کی اور امن و ضبط کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وہاں موجود سسٹم اور شہریوں پر نگرانی سے متعلق عصری آلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وفد نے عہدیداروں سے جاننا چاہا کہ کس طرح امن ضبط کی صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ جرائم کی شرح میں کمی کیلئے کیا اقدامات کرنے ہوں گے۔ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے سلسلہ میں بھی چیف منسٹر نے سنگاپور کے پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے عوام کی نگرانی سے متعلق کیمروں کی تنصیب کے علاوہ دیگر عصری آلات کے بارے میں بھی وضاحت طلب کی۔ چیف منسٹر نے ان کی حکومت کی جانب سے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پولیس نگرانی میں اضافہ کے سلسلہ میں تجاویز سے واقف کرایا اور ان پر بہتر عمل آوری کے سلسلہ میں سنگاپور کے عہدیداروں سے رائے حاصل کی۔ چیف منسٹر کے علاوہ وزیر فینانس ای راجندر اور چیف منسٹر دفتر میں پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ بھی اس ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ کے سی آر حکومت حیدرآباد میں پولیس کے نظام کو بہتر بناتے ہوئے اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق عصری بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں پولیس کو عصری آلات سے لیس کرنے کیلئے خصوصی فنڈ کی اجرائی کا بھی اعلان کیا۔ محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے کے سی آر حکومت نے تلنگانہ پولیس کے لوگو اور ڈریس کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے قدم کے طور پر تلنگانہ پولیس کیلئے علحدہ لوگو تیار کرلیا گیا جبکہ ملازمین پولیس اور عہدیداروں کیلئے ڈریس کے تعین کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ حکومت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 3000 کیمرے نصب کرتے ہوئے شہر کے ہر گوشہ کی نگرانی کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ چیف منسٹر نے سنگاپور کے پولیس عہدیداروں کو حکومت کے منصوبوں سے واقف کرایا اور ان کی تجاویز حاصل کیں۔
واضح رہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ میں بہتر سرمایہ کاری کو یقینی بنانے مختلف بین الاقوامی اداروں کو مدعو کرنے کیلئے سنگاپور کے دورہ پر ہیں۔ وہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں سنگاپور کے طریقہ کار کو اپنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دو دن کے دوران صنعت کاروں کے ساتھ اجلاسوں میں شرکت کی اور انہیں یقین دلایا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی صورت میں حکومت کی جانب سے کئی مراعات دی جائیں گی۔انہوں نے صنعت کاروں کو اس بات کا بھی تیقن دیا کہ پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری کیلئے حکومت طریقہ کار کو آسان بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ حکومت بہت جلد نئی صنعتی پالیسی کا بھی اعلان کرے گی۔ چندر شیکھر راؤ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ایلومنی اسوسی ایشن کی دعوت پر سنگاپور کے دورہ پر ہیں اور وہ اسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ سنگاپور میں مقیم تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے کے سی آر سے ملاقات کی اور انہیں نئی ریاست کے قیام میں کامیاب جدوجہد کیلئے مبارکباد پیش کی۔آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور تاجرین نے کے سی آر کو یقین دلایا کہ وہ تلنگانہ ریاست کی ترقی میں اپنا مساوی حصہ ادا کریں گے۔ چیف منسٹر سنگاپور کے وزیر اعظم لی سن اور دیگر اہم شخصیتوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ اپنے قیام کے دوران وہ نئی صنعتی پالیسی کے تعین کے سلسلہ میں سنگاپور کی صنعتی پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ سنگاپور سے کوالالمپور تک بذریعہ سڑک سفر کریں گے تاکہ اس راستہ پر بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کا جائزہ لے سکیں۔ وہ ملیشیاء کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور شہری علاقوں کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حیدرآباد کو سلم فری سٹی بنانے کا منصوبہ رکھنے والے چندر شیکھر راؤ ملیشیاء سے اس سلسلہ میں رہنمائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔