ناظر رباط حسین محمد شریف کا صحافتی بیان
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) ناظر رباط حسین محمد شریف نے مکہ مکرمہ میں واقع رباط میں قیام کے سلسلہ میں عازمین حج سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج 2015 کے منتخب عازمین رباط میں مفت قیام کرسکیں گے۔ ناظر رباط کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق سنٹرل حج کمیٹی کے منتخب عازمین www.hrubath.orgپر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہیں کوور نمبر کی تفصیلات درج کرنی ہوں گی۔ ویب سائٹ پر تمام ضروری ہدایات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کا آغاز 24مارچ سے ہوگا اور 20مئی تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ قرعہ کی تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے عازمین درخواست داخل کرنے کے اہل ہوں گے جن میں تلنگانہ کے 10اضلاع، مہاراشٹرا کے 7اور کرناٹک کے 3اضلاع شامل ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے علاوہ مہاراشٹرا کے اضلاع اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی، بیڑ، ناندیڑ، عثمان آباد اور لاتور کے عازمین درخواست دے سکتے ہیں جبکہ کرناٹک میں گلبرگہ، بیدر اور رائچور کے عازمین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ انہیں نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے سے متعلق صداقت نامہ اور حج کمیٹی آف انڈیا کا کوور نمبر داخل کرنا ہوگا۔ ناظر رباط نے واضح کردیا کہ رباط میں قیام سے متعلق اجازت کیلئے کسی اور کمیٹی یا ویب سائٹ پر درخواستیں قابل غور نہیں ہوں گی۔