حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے رمضان سے قبل قرعہ اندازی

ناظر رباط حسین شریف سے ربط، 1286 عازمین کی گنجائش: ا یم اے وحید
حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کیلئے مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے قرعہ اندازی مئی کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوگی۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی جناب ایم اے وحید نے بتایا کہ ہر سال کی طرح مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں 1286 عازمین کے قیام کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ بکوتما علاقہ میں تمام سہولتوں سے آراستہ حیدرآبادی رباط کی عمارتیں موجود ہیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے قرعہ اندازی کے سلسلہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف سے بات چیت کی اور انہیں رمضان المبارک سے قبل دورہ حیدرآباد کی دعوت دی ۔ ناظر رباط کے دورہ کے مطابق رمضان سے قبل اور مئی کے پہلے ہفتہ میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ سابق نظام اسٹیٹ کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین حج کے کور نمبرس قرعہ اندازی میں شامل کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے اضلاع اورنگ آباد ، ناندیڑ ، عثمان آباد اور بیڑ جبکہ کرناٹک کے اضلاع بیدر ، گلبرگہ ، رائچور اور یادگیر کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی تفصیلات سنٹرل حج کمیٹی سے حاصل کی جا رہی ہے ۔ جناب ایم اے وحید نے بتایا کہ مذکورہ تمام اضلاع کے کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کرتے ہوئے نظام اوقاف کمیٹی اور عہدیداروں کی نگرانی میں قرعہ اندازی ہوگی۔ انتظامات کے سلسلہ میں نظام اوقاف کمیٹی سے مشاورت کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رباط میں قیام کی سہولت کی صورت میں فی عازم 40 تا 45 ہزار روپئے کی بچت ہوگی اور یہ رقم حج سے واپسی کے بعد ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2019 ء کا کیمپ ہر سال کی طرح مثالی رہے گا اور حج کمیٹی کی جانب سے تمام بہتر سے بہتر انتظامات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔