حیدرآباد۔/27اگسٹ، ( سیاست نیوز) ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف دونوں حیدرآبادی رباطوں میں عازمین حج کی سہولتوں اور ان کی ضروریات کی تکمیل کی شخصی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ شیشا اور بکوتما علاقوں میں رباط کیلئے دو عمارتیں حاصل کی گئیں جن میں تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ عازمین حج کیلئے 3 وقت کے کھانے کے علاوہ چائے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ حرم شریف جانے کیلئے عازمین کو گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔ ناظر رباط نے بتایا کہ گذشتہ سال سے بہتر انتظامات کی وہ کوشش کررہے ہیں۔ حسین شریف نے اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو وہاںکی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دونوں عمارتوں کے عازمین خیریت سے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے ناظر رباط سے فون پر بات کی اور رباط کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ناظر رباط نے دونوں عمارتوں میں موجود عازمین حج سے فرداً فرداً ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں جن عازمین حج کا رباط میں قیام کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے صرف ان کو ہی رہائش کی جگہ فراہم کی جائے گی اس سے ہٹ کر دیگر عازمین کے پرمٹ قبول نہیں کئے جائیں گے۔