حیدرآبادی بریانی کی آن لائن طلب میں زبردست اضافہ

ملک بھر سے آرڈرس کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ سرمایہ کاری کے بہترین مواقع
حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) بریانی اب بھی شہریوں کی مرغوب غذاء ہے اور ہندستانی شہری مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کے بازار میں موجود رہنے کے باوجود بھی بریانی پسند کرتے ہیں۔آن لائن کھانوں کے آرڈر دیئے جانے کے عمل سے یہ بات واضح ہونے لگی ہے کہ ہندستانی شہروںمیں بریانی کو جو مقبولیت حاصل ہے وہ کسی اور غذاء کو حاصل نہیں ہے بلکہ ہندستان مختلف شہروں میں حیدرآباد نے ایک مرتبہ پھر سے یہ ثابت کردیا ہے کہ حیدرآباد بریانی کا مرکز ہے اور حیدرآبادی بریانی ملک بھر میں معروف ہے۔ سال 2017کے اعداد و شمار کے اعتبار سے جائزہ لیا جائے تو آن لائن بریانی کے آرڈر دینے والوں کی تعداد میں 681فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آن لائن بریانی کو سربراہ کرنے والے ایپلیکیشن کی جانب سے بریانی پر خصوصی ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کے سبب بھی بریانی کی جانب شائقین غذاء کی رغبت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں معروف آن لائن اشیائے تغذیہ کی فراہمی کرنے والی سب سے بڑی ایجنسی Swiggy کے ریکارڈس کے مطابق ہر3.5سکنڈ میں ایک بریانی کا آرڈر موصول ہوتا ہے جبکہ پیزا‘ برگر‘ کیک‘ چائینیز کے علاوہ دیگر اشیائے تغذیہ کے آرڈرس کی رفتار اتنی تیز نہیں ہے بلکہ کسی بھی کھانے کی شئے کے آرڈر کی رفتار اتنی تیز نہیں ہے اور تہوار کے دنوں میں چکن بریانی اب بھی سب سے مرغوب ڈش تصور کی جا رہی ہے کیونکہ Swiggy کو جو آرڈرس موصول ہوتے ہیں ان میں سب سے آگے چکن بریانی رہنے لگی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں رات دیر گئے تک بھی بریانی کی فروخت جاری رہتی ہے اور لو گ رات دیر گئے تک بھی اس مرغوب غذاء سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں۔ماہرین کا کہناہے کہ جو لوگ غذاء کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں ان کے لئے یہ بہترین موقع ہے کیونکہ اس شعبہ میں مختلف طریقوں سے لوگ تجارت کو فروغ دے رہے ہیں جن میں ٹیک اوے اور فوری تیار میسر آنے والی کم قیمتی غذاؤں کو اچھے گاہک ملنے لگے ہیں اور شہریوں میں آن لائن خریدی کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔ ملک بھر میں مختلف شہروں میں مختلف طریقہ کی بریانی فروخت کی جاتی ہے اور ان میں حیدرآبادی بریانی کے علاوہ لکھنوی بریانی ‘کولکتہ بریانی‘ ملاباری بریانی‘ اودھی بریانی ‘ تہاری کے علاوہ دیگر بریانی شامل ہیں لیکن ان سب میں حیدرآبادی بریانی کو جو مقام حاصل ہے وہ سب سے آگے ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود مختلف علاقوں کے شہری اپنی پسند کے مطابق بریانی کے حصول کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں شہر حیدرآباد میں ان کے اپنے طرز کی بریانی بھی میسر آنے لگی ہے۔