لکھنو ۔ 3 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) الہٰ آباد ہائیکورٹ نے آج حکومت یوپی کو 24 گھنٹے کی مہلت دی تاکہ وہ عدالت کے اجلاس پر وہ حکمنامہ پیش کرے جس کی بنیاد پر غیرقانونی گوشت کی دوکانوں کو ریاست گیر سطح پر بند کرانے کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ ہائیکورٹ کی لکھنو بنچ نے ریاستی وکیل کو 27 مارچ کو ہدایت دی تھی کہ وہ 3 اپریل تک حکمنامہ پیش کرے ، تاہم مشیر قانونی نے کہا کہ وہ آج حکمنامہ پیش کرنے سے قاصر ہے ، چنانچہ مزید مہلت دی جائے ۔ عدالت نے 24 گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 4 اپریل کو مقرر کردی ۔