اسرائیلی کارروائی کی مذمت، صدر جمہوریہ کو فاروق حسین کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 2 اگست (پریس نوٹ) فاروق حسین ایم ایل سی نے معصوم فلسطینی شہریوں خصوص کر بچوں، ضعیف حضرات اور خواتین کی وحشیانہ ہلاکتوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو منقطع کرلیں۔ صدرجمہوریہ ہند کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے فاروق حسین نے کہا کہ ہندوستان مہاتما گاندھی کے زمانے سے فلسطینی کاز کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتا رہا ہے اور آج اسرائیل فلسطین میں ضعیف اشخاص، خواتین اور معصوم بچوں کو وحشیانہ بمباری کے ذریعہ تمام بین الاقوامی انسانی حقوق قواعد کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج ہندوستان کی پالیسی اسرائیل کے تئیں مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی کی پالیسیوں کے خلاف جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ساری دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کے قول و فعل پر یقین کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ تمام عالم کے امن پسند عوام اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔ فاروق حسین نے صدرجمہوریہ ہند سے درخواست کی کہ وہ حکومت ہند کو اسرائیل سے تعلقات منقطع کرلینے کی ہدایت دیں۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت ہند اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مجرم ملک کے خلاف فی الفور کارروائی کریں اور اس کی اقوام متحدہ رکنیت کو برخاست کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں موجودہ اسرائیلی سفارتخانہ کو بند کرکے عملہ کو واپس روانہ کردینے کی خواہش کی۔