تیاری و تشہیر پر پابندی ، مضر صحت ادویات پر اقدام
حیدرآباد۔16ستمبر(سیاست نیوز) ادویات کے مضر اثرات کے متعلق کئی مرتبہ محققین کی جانب سے تحقیق سامنے آتی رہی ہے اور حکومتوں کی جانب سے کئی ادویات ساز کمپنیوں کی ادویات پر پابندی عائد کرنے کے اعلانات سامنے آچکے ہیں لیکن حکومت ہند نے حالیہ دنوں میں 328 ایسی ادویات کو بند اور ان کی تیاری و فروخت پر امتناع عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ مختلف اجزاء کا مرکب ہوتی ہیں اور ان ادویات کے انسانی جسم پر کئی مضر اثرات سامنے آئے ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے ملک بھر کی مختلف ادویات ساز کمپنیوں میں تیار کی جانے والی ان 328 ادویات پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں ہمہ اقسام کے اجزاء شامل ہوتے ہیں اور وہ مختلف بیماریوں کے لئے تجویز کئے جاتے ہیں ۔ ماہرین طب کا کہناہے کہ ان ادویات کے استعمال کے مضر اثرات طویل مدت بعد سامنے آتے ہیں اسی لئے کوئی بھی فوری طور پر ان ادویات کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کا تذکرہ نہیں کرتا طب کی زبان میں ان ادویات کو FDC فکسڈ ڈوز کامبینیشن کہا جاتا ہے جس کے استعمال سے فوری طور پر بیماری میں افاقہ ہوجاتا ہے لیکن اس میں موجود دیگر مرکبات کے سبب انسانی جسم متاثر ہونے لگتا ہے جو کہ ان ادویات کا مضر اثر ہوتا ہے۔ ادویات ساز کمپنیو ںکی جانب سے ایک ہی دوا کے ذریعہ کئی بیماریوں کے علاج کو فروغ دینے کیلئے تیار کی جانے والی ان ادویات کو فروغ دیتے ہوئے ان میں بیشتر ادویات کو ایسی ادویات کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے جو میڈیکل شاپ پر بغیر کسی تجویز کے میسر آسکتی ہیں اسی لئے ان ادویات کی مانگ میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ بغیر ڈاکٹر کی تجویزکے ان کا استعمال بڑھتا چلا گیا لیکن اب جبکہ حکومت ہند کے محکمہ صحت کی جانب سے ان ادویات پر امتناع کا اعلان کیا گیا ہے تو یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان ادویات کے کتنے مضر اثرات ہیں ۔حکومت کی جانب سے ان ادویات پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ کے ساتھ ہی مختلف ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے ان کے متبادل کی تیاری کے متعلق غور کیا جانے لگا ہے ۔بتایاجاتاہے کہ حکومت نے 328 ادویات کی فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی تیاری ‘ فروخت اور تشہیر پر مکمل امتناع عائد کرنے کے ساتھ بازار میں موجود ان ادویات کو فوری اثر کے ساتھ واپس لینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ماہرین طب کے مطابق سابق میںبھی حکومت کی جانب سے کئی ادویات کی تیاری و فروخت کو مکمل بند کرنے کے احکام جاری کئے گئے تھے لیکن ادویات ساز کمپنیوں نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے ان ادویات کی فروخت و تیاری پر عائد کردہ امتناع پر حکم التواء حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی تھی ۔ اسی لئے حکومت کے ان احکامات کے ساتھ ساتھ عوام میں بھی اس بات کا شعور اجاگر کیا جانا چاہئے کہ وہ ان ادویات کے استعمال کو ترک کریں جن کے مضر اثرات کے سبب حکومتی سطح پر انہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔
فہرست رائے دہندگان میں نام شامل کرنے کی اپیل
حیدرآباد16ستمبر(یو این آئی) تلنگانہ کے چیف الکٹورل افسر رجت کمار نے تمام رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ کر لیں۔انہوں نے جاریہ سال یکم جنوری کو 18سال مکمل کرنے والے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ووٹرلسٹ میں اپنانام درج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام درج کروانے یا پھر اپنے ناموں اوردیگرتفصیلات میں تصحیح کیلئے متعلقہ فارم پُر کریں۔