نئے زونس میںناانصافی پر رکن اسمبلی رام موہن ریڈی کی بھوک ہڑتال
حیدرآباد۔/27مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی نے وقار آباد ضلع کو نئے زونس کے تحت حیدرآباد کے بجائے جوگولمبا زون میں شامل کرنے پر سخت احتجاج کیا اور کل 28 مئی کو وقارآباد بند کا اعلان کیا۔ پرگی کی نمائندگی کرنے والے رام موہن ریڈی نے زون کی منتقلی کے خلاف 24 گھنٹے تک بھوک ہڑتال رکھی تھی۔ کابینہ میں آج قطعی فیصلہ کے بعد کانگریس پارٹی نے کل وقارآباد بند کا اعلان کیا ہے۔ رام موہن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت پرگی کو حیدرآباد زون سے علحدہ کردیا گیا ہے۔ اس فیصلہ سے پرگی کے عوام سے سخت ناانصافی ہوگی۔ سرکاری ملازمتوں کے سلسلہ میں نوجوانوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے علاقوں کو جان بوجھ کر ایسے زون میں منتقل کردیا گیا جہاں روزگار کے امکانات کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز سے تعلق رکھنے والے دیوی پرساد کا تعلق سنگاریڈی سے ہے اور انہوں نے چیف منسٹر سے اپنی قربت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سنگاریڈی کو حیدرآباد زون میں شامل کروالیا اور پرگی کو جوگولمبا زون کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد زون جس کا نام چارمینار زون رکھا گیا ہے اس میں 82451 ملازمتیں ہیں جبکہ جوگولمبا زون میں جائیدادوں کی تعداد 30819 ہے۔ ایسے میں روزگار کے سلسلہ میں مسابقت بڑھ جائیگی اور پرگی کے امیدواروں کو نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مقصد براری کیلئے کے سی آر نے نئے زونس کی تشکیل عمل میں لائی ہے اور وہ جلد از جلد مرکز سے منظوری حاصل کرنے کیلئے نئی دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔ رام موہن ریڈی جو کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے سکریٹری اور وہپ بھی ہیں الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے پرگی میں منظورہ کئی پراجکٹس کے کام کو روک دیا ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں ڈیفنس کا ایک پراجکٹ منظور کیا گیا تھا جس پر عمل آوری میں حکومت نے کوئی دلچسپی نہیں لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی دور حکومت میں انہوں نے وقارآباد، پرگی تا منتھنی ریلوے لائن کی منظوری حاصل کی تھی۔ ریلوے لائن کا کام 50 فیصد مرکز کی حصہ داری اور 50 فیصد ریاست کے فنڈ سے مکمل کیا جانا تھا۔ کے سی آر حکومت نے اس پراجکٹ کو بھی روک دیا اور دیگر علاقوں کیلئے ریلوے لائنس کی منظوری حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر پرگی کے عوام کو مشکلات میں مبتلاء کرنا چاہتی ہے کیونکہ انہوں نے کانگریس پارٹی کی تائید کی تھی۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نئے زونس میں ردوبدل کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد تیز کرے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر اپوزیشن کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انہیں عوام کی ترقی سے زیادہ بدلہ کی سیاست کرنے میں دلچسپی ہے۔ پرگی کے کانگریس قائدین سے انہوں نے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی۔