حکومت کے فیصلہ پر غور کے بعد ہی سمجھوتہ ممکن

پٹیل برادری کے حق میں کسی بھی فیصلہ کی تائید : ہاردک
احمدآباد ، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اعلیٰ ذاتوں سے تعلق رکھنے والے معاشی طور پر کمزور افراد کو 10 فیصد تحفظات دینے حکومت گجرات کے اعلان کے ایک دن بعد پٹہ دار کوٹہ ایجی ٹیشن کے فی الحال جیل میں محروس لیڈر ہاردک پٹیل نے آج کہاکہ کوٹہ کے مسئلہ پر پیدا شدہ تعطل کے خاتمہ کے لئے کسی سمجھوتہ سے قبل حکومت کے اس اعلان کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم حکومت کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت میں شامل پٹیل برادری کے دیگر قائدین اس احتجاج کو ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اعلان سے پٹیل برادری کے دو اہم مطالبات کی تکمیل ہوئی ہے۔ ہاردک پٹیل نے ضلع مہسانا کی وس نگر عدالت کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’سب سے پہلے میں حکومت کی طرف سے کئے گئے اس فیصلہ کا جائزہ لینا چاہتا ہوں اور اگر وہ پٹیل برادری کے حق میں ہے تو یقینا میں اس کی حمایت کرسکتا ہوں‘‘۔ 22 سالہ ہاردک پٹیل جنھیں بشمول غداری دیگر کئی الزامات کا سامنا ہے فی الحال عدالتی تحویل میں ہیں۔ ایک مقدمہ کی سماعت کے لئے اُنھیں آج عدالت میں لایا گیا۔