حکومت کے رویہ پر اقلیتوں میں خوف کا ماحول

داڑھی ٹوپی والے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت: سید ولی اللہ قادری
حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے نام پر داڑھی اور ٹوپی پہننے والے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کرتے ہوئے قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ چند دن قبل داڑھی اور ٹوپی رکھنے والے دس سے زائد مسلم نوجوانوں کو ورنگل میں ریل سے اُتار کر گرفتار کیا گیا ہے۔ سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ ورنگل کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات سے آئی ایس آئی ایس سے روابط کے الزام میں داڑھی اور ٹوپی پہننے والے مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں کا اچانک سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ تشویش کا باعث بھی بنا ہوا ہے۔ ضلع نلگنڈہ میں اے آئی ایس ایف کی پولٹیکل کلاس میں افتتاحی خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی ماضی کی طرح مسلمانوں کو دہشت گردی کے الزام میں ہراساں و پریشان کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو مسلمانوں کے تئیں اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ولی اللہ قادری نے کہا کہ مرکز کی طرح تلنگانہ حکومت بھی آر ایس ایس کے خفیہ ایجنڈے پر گامزن ہے۔ سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ خفیہ طور پر حکومت ریاست تلنگانہ کے دینی مدرسوں کو نشانہ بنارہی ہے اور مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو دہشت گردی کے نام پر نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں بڑھتی بے چینی اور خوف کے ماحول کو دور کرنا حکومت تلنگانہ کی ذمہ داری ہے۔