اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ، ٹی آر ایس ایم ایل سیز کا بیان
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل بھانو پرساد اور بی وینکٹیشورلو نے حکومت کے خلاف کانگریس قائدین کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کانگریس قائدین آبپاشی معاہدہ کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ارکان قانون ساز کونسل نے کہا کہ مہاراشٹرا سے کیا گیا معاہدہ دونوں ریاستوں کے مفاد میں ہے اور اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ معلومات کے بغیر ہی کانگریس قائدین الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے مسئلہ پر کانگریس قائدین کے بیانات میں یکسانیت موجود نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی کا یہ دعویٰ ہے کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کا معاہدہ کرن کمار ریڈی کے دور میں کیا گیا جبکہ دیگر قائدین کو اس سے اختلاف ہے۔ بعض قائدین وینگل راؤ دورِ حکومت میں معاہدہ کا دعویٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کبھی بھی پراجکٹس کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی لیکن آج جبکہ ٹی آر ایس سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی سمت پیشقدمی کررہی ہے کانگریس اس ترقی کو برداشت نہیں کرپارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا سے کئے گئے معاہدہ میں خامیوں کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اتم کمار ریڈی کو چیلنج کیا تھا لیکن آج تک اس چیلنج کو قبول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ ریاست کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ کے مترادف ہے جس کے لئے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی کی سیاست سے باز آجائیں۔