ریونت ریڈی کا استعفیٰ تاحال عدم وصول ، کانگریس میں اختلافات کا عروج : سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 2 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو نے کانگریس پارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تجویز کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس جب ارکان کی درکار تعداد نہیں ہے تو پھر تحریک عدم اعتماد کیوں کر پیش کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے انکشاف کیا کہ رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا استعفیٰ ابھی تک اسپیکر اسمبلی کو موصول نہیں ہوا ہے اور صرف اخبارات کے ذریعہ استعفیٰ کی اطلاعات مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت سے ٹی آر ایس کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کانگریس قائدین ریونت ریڈی کو باہو بلی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہیکہ اگر راہول گاندھی بھی تلنگانہ میں قیام کریں تب بھی ٹی آر ایس کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا ۔ انہوںنے کہا کہ ریونت ریڈی نے اسپیکر سے ملاقات کرتے ہوئے استعفیٰ پیش نہیں کیا لیکن یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ انہوں نے اسپیکر کو استعفیٰ حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم لیجسلیچر پارٹی میں پھوٹ پڑچکی ہے ، لہذا ان کے استعفیٰ کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس اور تلگو دیشم کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ کانگریس اس خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ ریونت ریڈی کی شمولیت سے سیاسی کھیل شروع ہوگا۔ لیکن خود کانگریس میں اس مسئلہ پر اختلافات پیدا ہوچکے ہیں۔ عہدوں کیلئے کانگریس پارٹی میں اختلافات دیکھے جارہے ہیں۔ اور پارٹی کا ایک گوشہ ریونت ریڈی کی شمولیت کے خلاف ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت اسمبلی میں تمام عوامی مسائل پر مباحث کیلئے تیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر نے 50 دن اسمبلی اجلاس چلانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی غیر ضروری طور پر کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ دراصل کانگریس کے پاس مسائل کی کمی ہے جس کے نتیجہ میں وہ اسمبلی سے راہِ فرار اختیار کر رہی ہے۔ سرینواس یادو نے اسمبلی سے ان کے استعفیٰ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ان کا استعفیٰ اسپیکر کے پاس ہے اور تلگو دیشم لیجسلیچر پارٹی کے ٹی آر ایس میں شمولیت کے بعد استعفیٰ کی اہمیت باقی نہیں رہی۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی صبر کا مادہ ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے پیدائش سے لیکر موت تک عوام کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 13 ا رکان پر مشتمل کانگریس پارٹی کس طرح تحریک عدم اعتماد پیش کرسکتی ہے۔ حکومت پر عوام کو مکمل بھروسہ ہے۔