حکومت کے خلاف خبر لکھنے پر صحافی کا شناختی کارڈ منسوخ

حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) ملکاجگری ضلع کے میڑچل میں ایک صحافی کو مخالف حکومت رپورٹ کی اشاعت پر اکریڈیٹیشن کارڈ سے محروم ہونا پڑا۔ صحافیوں کی تنظیموں نے علاقائی زبان کے اخبار کے صحافی کے ساتھ حکام کے سلوک پر سخت احتجاج کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تلگو اخبار کے رپورٹر نے ایچ ایم ڈی اے آفس کی منتقلی سے متعلق خبر شائع کی۔ ایچ ایم ڈی اے نے اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر سے شکایت کی کہ یہ خبر ادارہ کو بدنام کرنے کے مقصد سے شائع کی گئی ہے۔ کلکٹر میڑچل ایم وی ریڈی جو ڈسٹرکٹ میڈیا اکریڈیٹیشن کمیٹی کے صدرنشین بھی ہیں اس صحافی کا اکریڈیٹیشن کارڈ منسوخ کردیا۔ صحافیوں کی تنظیم تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ عہدیداروں کو یہ خبر نظم و نسق کے خلاف دکھائی دے رہی ہے۔ اس سلسلہ میں جب کلکٹر میڑچل سے ربط قائم کیا گیا تو انہوں نے تبصرہ سے انکار کیا تاہم ایچ ایم ڈی اے کے سکریٹری رام کشن نے صحافی کے خلاف کلکٹر سے شکایت کرنے کا اعتراف کیا۔