گجویل سے آغاز، ریونٹ ریڈی کارگذار صدر تلگودیشم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے ریاستی حکومت کے مختلف مسائل پر اختیار کردہ طرزعمل اور اپوزیشن جماعتوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کرنے کے خلاف عوام کو حکومت کے حقیقی حالات سے واقف کروانے و حکومت کی ناکامیوں کے خلاف بطور احتجاج ریاستی وزراء کے حلقہ جات اسمبلی میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلا جلسہ عام چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے حلقہ اسمبلی گجویل میں منعقد کیا جائے گا۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں پارٹی کے ایک اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اے ریونت ریڈی قائد تلگودیشم مقننہ پارٹی و کارگذار صدر پارٹی نے یہ بات بتائی اور بتایا کہ کے چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ میں کسانوں کے پیش آنے والے خودکشی واقعات پر کسی بھی نوعیت کا تیقن نہیں دیا۔ حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کسانوں کو ممکنہ طور پر امداد فراہم کرکے انہیں بچانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں غریب افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات، دلتوں کو تین ایکڑ زرعی اراضی بھی فراہم کرنے میں حکومت ناکام رہی۔ مسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ طلباء کی فیس ری ایمبرسمنٹ رقومات ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ریاست میں اہم اپوزیشن کانگریس پارٹی بھی حکومت کی ناکامیوں اور حکومت کے طرزعمل کے خلاف ایوان میں موضوع بحث بنانے میں ناکام ثابت ہوئی جس کی وجہ سے ہی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کررہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہیکہ تلنگانہ میں تلگودیشم ہی حکومت کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ کارگذار صدر نے کہا کہ دیہی سطح و منڈل سطح پر پارٹی کی کمیٹیاں بہت جلد تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس تلگودیشم پارٹی کے موقع پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ قائد تلگودیشم مقننہ پارٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی پر جدوجہد کرنے پر ہی تلگودیشم پارٹی اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کو اپنے تشہیری (پبلیسٹی) پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا اور تلگودیشم پارٹی کے تین ارکان اسمبلی ہونے کے باوجود ان ارکان کو بات کرنے کا موقع تک نہیں دیا گیا، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی حکومت کے دیئے گئے تیقنات اور کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہی وہ عوام سے رجوع ہوگی۔