سوچھ حیدرآباد پر تقریب ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 30 ۔ ڈسمبر ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے حیدرآباد شہر کی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے حکومت کے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ سوچھ حیدرآباد کے موضوع پر حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت گریٹر حیدرآباد کی جامع ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس تقریب میں وزیر کمرشیل ٹیکسس سرینواس یادو، جی ایچ ایم سی کمشنر جناردھن ریڈی اور مختلف ہوٹلوں کے مالکین نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے عوام بالخصوص ہوٹل انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے ذریعہ عوام کی صحت کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میں روزانہ 4000 میٹرک ٹن کچرے کی نکاسی کی جاتی ہے۔ اس کام کیلئے 2000 گاڑیاں متعین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہر کے کئی علاقوں میں عوام میں کچرا جمع کرنے کیلئے خصوصی بکٹس تقسیم کئے ہیں، تاکہ صفائی عملہ بیک وقت کچرا حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ حیدرآباد اسکیم کے تحت 200 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہے ں۔ جی ایچ ایم سی کے ذریعہ غریب عوام کو 5 روپئے میں کھانا سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل انتظامیہ اور بلدی عہدیداروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعہ اس اسکیم کو مزید توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے ہوٹل انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ ناکارہ اشیاء اور کچرہ کی نکاسی کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی حکام سے تعاون حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ وہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حیدرآباد بہت جلد عالمی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔