بلاوقفہ برقی سربراہی اور پرانے شہر میں کنٹرول روم کے قیام کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی
حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کی آمدکیلئے اب جبکہ صرف چند ہفتہ باقی رہ گئے ہیں اور حکومت کی جانب سے رمضان کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا جا چکا ہے لیکن پرانے شہر اور نئے شہر کے مختلف علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی اور پرانے شہر کے کنٹرول روم کے قیام کے سلسلہ میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں کوئی مرمتی کاموں کی منظوری یا اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔ محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے احکاما ت کے موصول ہونے کے بعد ہی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور جو ناگزیر مرمتی کام ہیں وہ محکمہ اور کارپوریشن کی سطح پر مکمل کرلئے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے اعلانات کے باوجود برقی کٹوتی کی شکایات عام ہیں لیکن ماہ رمضان کے دوران برقی شٹ ڈاؤن کی شکایات میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران اضافی برقی کے استعمال اور روشنیوں کے سبب لوڈ میں اضافہ ہوتا ہے اور اس لوڈ کو پورا کرنے عہدیداروں کو متحرک ہونا پڑتا ہے ۔ اس کے علاوہ شہر میں برقی طلب میں اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ محکمہ برقی کی جانب سے ہر سال ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر میں خصوصی کنٹرول روم کے قیام کے ذریعہ برقی سربراہی کو یقینی بنایاجاتا ہے اور اس کیلئے اعلی عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جاتی رہی ہیں ۔ گذشتہ تین برسوں سے رمضان المبارک کے دوران ڈائریکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل جناب میر کمال الدین علی خان کو رمضان کے دوران کنٹرول روم کا نگران مقرر کیا جاتا رہا ہے اور اسکے علاوہ جب وہ برسر خدمت نہیں تھے اس وقت بھی محکمہ کی جانب سے انکی خدمات حاصل کی جاتی رہی ہیں۔ پرانے شہر میں برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے ماہ رمضان کے انتظامات کے اجلاس میں کوئی شکایت نہیں کی گئی جس کے سبب تاحال اس مسئلہ پر کوئی غور نہیں کیا جا رہاہے ۔ عہدیدار یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ پرانے شہر کے کئی علاقوں کے علاوہ نئے شہر کے عوام کو بھی برقی کٹوتی کا سامنا ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے فوری مرمتی کام انجام دیا جانا ضروری ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں محکمہ برقی کو حکومت اور منتخبہ عوامی نمائندوں کی ہدایات کا انتظار ہے جبکہ عوام کو ایسالگ رہا ہے کہ حکومت کے جائزہ اجلاس کے دوران برقی مسائل کو پیش کیا جا چکا ہے ۔منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران عبادتوں میں خشوع و خضوع برقرار رہ سکے۔