حکومت کی ’’انتظار کرو اور دیکھو‘‘ پالیسی

عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل میں بعض ہڑتالی ڈاکٹرس ڈیوٹی پر رجوع
اس دوران ریاستی حکومت ایسا لگتا ہے کہ جونیر ڈاکٹرس کی جاری ہڑتال کے تعلق سے ’’انتظار کرو اور دیکھو ‘‘پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے کیونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیردوراں ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بھی ہڑتال جاری رکھنے پر جونیر ڈاکٹرس کے خلاف سخت کارروائی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں عدالتی فیصلہ کا انتظار کیا جائے اور اس کے بعد ضرورت پڑنے پر جونیر ڈاکٹرس کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جائے۔ان ہڑتالی ڈاکٹرس کو جمعرات تک مہلت دی گئی تھی اور چیف منسٹر نے ان اطلاعات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عثمانیہ ہاسپٹل میں تقریباً 300 اور گاندھی میڈیکل کالج میں تقریباً 700 جونیر ڈاکٹرس خدمات پر رجوع ہوچکے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سخت کارروائی کی نوٹس اور ان کے والدین کو مکتوب روانہ کرنے کے انتباہ پر جونیر ڈاکٹرس نے اپنے موقف میں تبدیلی لائی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا نے چیف منسٹر کو اس بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے جونیر ڈاکٹرس سے کہا ہے کہ وہ ڈیوٹی پر رجوع ہوں اور عوام کی خدمات انجام دیں کیونکہ حکومت ان کے مطالبات کی ہمدردانہ یکسوئی کیلئے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جونیر ڈاکٹرس مقررہ مہلت تک رجوع ہونے میں ناکام رہیں تو انہیں معطل کردیا جائے گا۔