حکومت کی کارکردگی میں بہتری کیلئے تنقیدیں بھی ضروری

اسکیمات کو عام کرنے میں میڈیا کا اہم رول ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔29جنوری(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے تلنگانہ حکومت اور عوام کے درمیان میںذرائع ابلاغ کو رابطے کا بڑاذریعہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں موثر رول اداکرنے والے ذرائع ابلاغ کے فلاح وبہبود کے متعلق حکومت تلنگانہ ٹھو س اقدامات کرے گی۔ آج یہاں پرانے شہر میںتلنگانہ اولڈ سٹی الکٹرانک میڈیا کے سال نو کیلنڈر وڈائری کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت کی کارکردگی میںبہتری لانے کے لئے میڈیا کی جانب سے تنقیدی جائزہ بھی ضروری ہے مگر تنقید کے نام پر حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا اور من گھڑت کہانیوں کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرنے کی سازشیں کرنا غیر جمہوری عمل ہے جس کو تلنگانہ حکومت ہرگز برداشت نہیں کریگی۔انہوں نے تلنگانہ کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ پچھلے ساٹھ سالوں میں ہوئی ناانصافیو ںکا بھی اس موقع پر ذکر کیااور کہاکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ہوئی اب تک کی ناانصافیوں کو ختم کرنا حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے الکٹرانک وپرنٹ میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بہت جلد ایک اجلاس منعقد کرنے کا بھی وعدہ کیا اور کہاکہ تلنگانہ کی میڈیا برداری کے مسائل کے ساتھ ہم چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے بھی رجوع ہونگے تاکہ میڈیا کے نمائندوں کو درپیش مسائل کا عاجلانہ حل ہوسکے۔ جناب محمد محمود علی نے حکومت تلنگانہ کو ریاست کے تمام طبقات کی یکساں ترقی ‘ فلاح وبہبود کے لئے پابند عہد قراردیا ۔ جناب باشاہ نواز خان‘ ساوتھ زون ڈی سی پی ستیہ نارائنہ‘جناب خلیل قادری کے علاوہ اسوسیشن کے دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔