حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : لوک ستہ پارٹی 30 جنوری مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر ریاست میں آلودہ پانی ، راجیو یووا کرنالو اور شراب سے متاثر ہونے والے متاثرین کے لیے ریاست بھر میں ستیہ گرہ کا اہتمام کررہی ہے ۔ صدر لوک ستہ پارٹی کے سرینواس راو نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد واٹر بورڈ نے حیدرآباد کے 40 میں سے 14 مقامات پر آلودہ پانی سربراہ کررہا ہے ۔ ان حلقہ جات میں ایل بی نگر ، جوبلی ہلز ، صنعت نگر ، سری لنگم پلی اور عنبرپیٹ شامل ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے راجیو یووا کرنا لوکے تحت لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کیا جب کہ 24 لاکھ درخواستوں میں صرف چار لاکھ کو روزگار فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 12 جنوری کو پارٹی حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں راونڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کرے گی ۔ اس سلسلہ میں ٹال فری نمبر 18004190877 فراہم کیا جارہا ہے جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں زہریلی شراب کے سبب کئی افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے ایک سوال کے جے پرکاش نارائن کیوں کوکٹ پلی سے مقابلہ کرنے والے ہیں پر سرینواس راؤ نے کہا کہ جے پرکاش نارائن حیدرآباد میں سکونت اختیار کرچکے ہیں اس موقع پر لوک ستہ قائدین پی بھاسکر راؤ ، ایم ستیہ نارائنا ، جی سرینواس اور رمیش بابو نے بھی مخاطب کیا ۔۔
پلمبر ، کارپینٹر ، پینٹر کیلئے جی ایچ ایم سی کو کال کریں
جی ایچ ایم سی کا ’ نگر مترا ‘ پرسنل فٹ نیس ٹرینر پراجکٹ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( ایجنسیز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے اس سال نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے ایک نئے پراجکٹ کو ’ نگر مترا ‘ کے نام سے شروع کیا ہے ۔ اس کے تحت نوجوانوں کو پلمبنگ ، کارپینٹری ، پینٹنگ وغیرہ کی تربیت دی جائے گی ۔ اس پراجکٹ کو فی الحال جی ایچ ایم سی حدود کے تحت چند منتخبہ سرکلس میں شروع کیا جارہا ہے ۔ پراجکٹ کی کامیابی پر تمام سرکلس میں اس کا آغاز کیا جائے گا ۔ اس سلسلہ میں کال سنٹرس کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ جہاں سے شہری متعلقہ ہنر مند کو مکان میں طلب کر کے کام لے سکتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی ان کاموں کے لیے ایک مخصوص شرح کارڈ کا بھی منصوبہ رکھتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی بنیادی تربیت نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن میں فراہم کرے گی ۔ موجودہ طور پر سو امیدواروں کو تربیت دی جارہی ہے ۔ کال سنٹرس کا پی جی انفوٹیک پرائیوٹ لمٹیڈ کی جانب سے انتظام چلایا جائے گا ۔ پی جی انفوٹیک کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کو کمپیوٹر اور ٹیلی فون صلاحیتوں کے میدان میں تربیت دی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی نے اس پراجکٹ کے علاوہ ایک اور پروگرام کا اعلان کیا ہے ۔ اس کو پرسنل فٹ نیس ٹرینر کا نام دیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی ذرائع نے بتایا کہ تمام امیدواروں کو اس پروگرام کی تربیت کے لیے 45 دنوں کے لیے Raxa اکیڈیمی ، اننت پور لے جایا جائے گا ۔ اس ہنر کی کافی طلب بتائی جاتی ہے ۔ کوئی ایک اس میدان میں خود مکتفی ہونے پر فی ماہ دس تا بارہ ہزار آمدنی ہوسکتی ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے 9 جنوری کو صبح 7 بجے ریڈہلز پلے گراونڈ یا 10 جنوری کو ہری ہرا کلا بھون اور چندا نگر اسپورٹس کامپلکس سے رجوع ہوں ۔ خواہش مند افراد کو اپنے شناختی کارڈ ، تعلیمی قابلیت اور رہائشی ثبوت پیش کرنا ہوگا ۔۔