حیدرآباد۔/25جولائی، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے تازہ سیاسی صورتحال ، حکومت کی ناکامیوں اور عوامی رائے پر مشتمل رپورٹس ایک ہفتہ میں پیش کرنے کی نو نامزد کانگریس کے اسمبلی کو آرڈینیٹرس کو ہدایت دی۔ آج گاندھی بھون میں پارلیمانی حلقوں حیدرآباد، سکندرآباد، ملکاجگری، میدک، چیوڑلہ کے حدود میں شامل اسمبلی حلقوں کے کوآرڈینیٹرس کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ۔ اس اجلاس میں رکن سی ڈبلیو سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنٹیا، اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری بوس راجو ورکنگ پریسیڈنٹ ملوبٹی وکرامارک، اے آئی سی سی سکریٹریز سرینواس کرشن، وی ہنمنت راؤ سابق وزراء ڈی کے ارونا، سیبتا اندرا ریڈی، سنیتا لکشما ریڈی اور صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، سابق میئر بنڈا کارتیکا ریڈی کے علاوہ اضلاع کے انچارج نائب صدور و جنرل سکریٹریز بھی موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے تمام کوآرڈینیٹرس کو ایک ہفتہ تک انہیں مختص کردہ اسمبلی حلقوں میں قیام کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین سے ملاقات کرنے اسمبلی حلقوں کے مسائل، تازہ سیاسی صورتحال، غیر کانگریس ارکان اسمبلی سے عوامی ناراضگی، ان کی کارکردگی، حکومت کی کارکردگی، سیاسی جماعتوں کی طاقت، حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ دینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ شکتی اپ کے تعلق سے پارٹی کیڈر میں شعور بیدار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرانے پر زور دیا۔ اسمبلی حلقوں میں اجلاس کا انعقاد کرنے سے قبل اس کی اطلاع اضلاع کانگریس صدور کے علاوہ پارٹی کے دوسرے اہم قائدین کو دینے کے احکامات جاری کئے۔