حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کی تیاری

سی پی آئی ایم کی مہاجنا پدیاترا، ٹی ویرا بھدرم کا کتہ گوڑم میں خطاب
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ سی پی آئی ایم ریاست تلنگانہ میں تمام سماجی طاقتوں کو متحد کرکے تلنگانہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد منظم کرنے کے لئے کمربستہ ہوجائے گی۔ سکریٹری ریاستی تلنگانہ سی پی آئی ایم کمیٹی مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا۔ ریاست میں ان کی زیرقیادت جاری مہا جنا پدیاترا جوکہ ضلع بھدراوری کتہ گوڑم میں پہونچ چکی ہے یہاں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ٹی ویرا بھدرم نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ٹی آر ایس نے حصول علیحدہ تلنگانہ کے ساتھ ہی پانی، فنڈس وغیرہ بڑے پیمانے پر حاصل ہونے اور بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا ہر کسی کو یقین دلایا تھا۔ لیکن تمام ٹی آر ایس کے پُرفریب اور دھوکے ہی ثابت ہوئے۔ انھوں نے دریافت کیاکہ آیا ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل آکر زائداز ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب تک کتنی رقومات حاصل ہوئیں اور کتنی ملازمتیں بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت نے فراہم کی ہیں۔ واضح کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔ مسٹر ویرا بھدرم نے سابق قدیم ضلع کھمم میں پائے جانے والے انتہائی اہم ترین آبپاشی مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کا چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا اور اس سلسلہ میں ٹی ویرا بھدرم نے چیف منسٹر کو ایک مکتوب بھی تحریر کیا اور بتایا کہ گوداوری ندی قریب سے گزرنے کے باوجود آبپاشی سہولتیں فراہم نہیں ہیں۔