اوقافی اراضی کے تحفظ کی بجائے ملکیت کے لئے سابق حکومت آندھرا پردیش کا دعویٰ بدبختانہ: ٹی ہریش راؤ
سنگاریڈی /27 جون (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ریاستی وزیر آبپاشی و امور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ حیدرآباد کے قریب واقع لانکو ہلز پراجکٹ اور وقف بورڈ کے درمیان ایک مقدمہ میں متحدہ آندھرا پردیش انتظامیہ کی طرف سے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست سے دست برداری پر حکومت تلنگانہ سرگرمی کے ساتھ غور کر رہی ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت ساری ریاست تلنگانہ میں وقف جائدادوں کے تحفظ سے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور موقوفہ اراضیات سے غیر قانونی قبضوں کی برخاستگی کے لئے بہت جلد خصوصی مہم شروع کرے گی۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ وہ اراضی جہاں لانکو ہلز ریلیٹی پراجکٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، دراصل وقف بورڈ کی اراضی ہے، لیکن یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ سابق متحدہ آندھرا پردیش کی حکومت نے وقف اراضی کو بچانے کی بجائے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے اس اراضی پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کردیا تھا۔ وزیر آبپاشی یہاں ضلع میدک میں اوقافی جائدادوں کا جائزہ لینے کے لئے طلب کردہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت، اوقافی مسائل سے نمٹنے کے لئے بہت جلد ایک قانون وضع کرے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اوقافی جائدادیں مسلمانوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے استعمال کی جائیں۔