حکومت کی بہتر کارکردگی پر عوام کی تائید: محمود علی

اقلیتوں نے ٹی آر ایس کو ووٹ دیا، مسلم تنظیموں سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 11۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ کے تمام طبقات نے ٹی آر ایس کی مکمل تائید کی جس کے نتیجہ میں 2014 ء سے زیادہ نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی چار سالہ کارکردگی کے حق میں عوام نے ووٹ دیتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ کے سی آر حکومت نے ان کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے، اس سے وہ مطمئن ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ تمام طبقات اور بالخصوص اقلیتوں میں کھل کر ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا۔ انہوں نے ان تمام جماعتوں اور تنظیموں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا تھا ۔ نتائج کو توقع کے مطابق قرار دیتے ہوئے محمود علی نے کہا کہ عوام نے مہا کوٹمی کو مسترد کردیا ہے۔ مہا کوٹمی کے قائدین حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے تھے ۔ لہذا عوام نے انہیں سبق سکھایا ۔ کے سی آر حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ، اس سے عوام خوش ہیں۔ ہر غریب خاندان میں اسکیمات کے فوائد پہنچ چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام نے اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا شکار ہوئے بغیر ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 98 فیصد اقلیتی رائے دہندوں نے ٹی آر ایس کی تائید کی جبکہ مہا کوٹمی کی جانب سے اقلیتوں کے ووٹ تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام طبقات کی تائید لوک سبھا انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کو حاصل رہے گی۔ محمود علی نے عوام کو یقین دلایا کہ پہلی میعاد کی طرح تمام طبقات کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔