گمراہ کن عناصر کی کارروائیوں سے حکومت اپنے ایجنڈہ سے نہیں ہٹے گی ‘ مرکزی وزیر کا بیان
نئی دہلی ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ان کی حکومت میڈیا کی منفی مہم کے باوجود اپنے ترقیاتی ایجنڈہ سے ہرگز نہیں ہٹے گی۔ گمراہ کن عناصر کی سرگرمیوں سے بھی حکومت کو مایوس نہیں کیا جاسکے گا۔ یہاں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے جلسوں میں عوام کی زبان میں بات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ ترقی کا ہی نتیجہ ہیکہ آپ کو اخبارات میں دوسری چیزیں بھی ملیں گی۔ بعض اخبارات صرف سرخیاں بنانے کی کررہے ہیں اور یہ سوچھ رہے ہیں کہ ان کی سرخیوں سے حکومت ڈر جائے گی۔ وہ لوگ ہمیں آخری مہلت دے سکتے ہیں لیکن ہم اپنی ترقی کی راہ سے ہرگز نہیں بھٹکیں گے۔ وزیراطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ حکومت کو انتشار پسند عناصر کے نظریہ کی پرواہ نہیں اور نہ ہی وہ ان سے ڈرنے والی ہے۔ یہ لوگ یہاں وہاں مسائل پیدا کررہے ہیں۔ یہ ہمارے حکومت کی پالیسی نہیں ہے۔ ہمارا ملک ان لوگوں سے متفق نہیں ہیں بلکہ ہماری توجہ ترقی اور اچھی حکمرانی پر مرکوز ہے۔ تاہم وینکیا نائیڈو نے اس خاص واقعہ یا میڈیا رپورٹ کا کوئی حوالہ نہیں دیا آخر انہوں نے کس تناظر میں یہ بات کہی ہے۔ وزیراطلاعات و نشریات کا یہ تبصرہ صدر بی جے پی امیت شاہ کے اس بیان کے ایک دن بعد آیا کہ وہ گاؤرکھشکوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ وینکیا نائیڈو کا یہ بیان 23 اپریل کو وزیراعظم مودی کے دیئے گئے اس بیان کے پس منظر میں بھی ہوسکتا ہے جس میں انہوں نے تمام چیف منسٹروں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔