کے سی آر کے خلاف مقابلہ کیلئے تیار ہوں : کے وینکٹ ریڈی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو حاصل ہونے والے تمام ایوارڈس کو خود معلنہ اور خریدے گئے ایوارڈس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہائی کمان انہیں حکم دیتی ہے تو وہ اسمبلی حلقہ گجویل میں چیف منسٹر کے خلاف مقابلہ کرنے تیار ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزرا کو کون اور کیسے بیسٹ ایوارڈس پیش کررہے ہیں سمجھ سے باہر ہیں کیوں کہ اچھے کام کرنے والوں کو عوام ہی ایوارڈس پیش کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر سکریٹریٹ آئیں تو انہیں عوامی مسائل کا اندازہ ہوگا ۔ اپنے اسمبلی حلقہ نلگنڈہ میں وہ 30 کروڑ روپئے سے متعلق ڈرینج کے کام انجام نہیں دے پارہے ہیں ۔ اس معاملے میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر ناکام ہوگئے ہیں ۔ 2019 انتخابات میں تلنگانہ کے عوام سونیا گاندھی کے احسان کے بدلے کانگریس کو کامیاب بنائیں گے ۔ پارٹی ہدایت دیتی ہے تو وہ چیف منسٹر سے مقابلہ کرنے تیار ہے ۔ اتنی بے کار حکومت کو انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا ۔ عوامی مسائل کو حل کرنے حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ پردیش کانگریس کی صدارت پر کس کو بٹھانا ہے اس کا فیصلہ ہائی کمان کریگی ۔ وزیر برقی جگدیشور ریڈی کو ضلع کی معلومات کا فقدان ہے ۔ ٹی آر ایس کا 4 سالہ دور اقتدار مایوس کن ہے ۔ عوام کانگریس کو آئندہ کامیاب بنائیں گے ۔