حکومت کو دیہی روزگار ضمانت اسکیم میں بے قاعدگیوں کا اعتراف

فنڈز کا بیجا تصرف، اجرتوں کی عدم ادائیگی، کرپشن کی شکایات ۔ مرکزی وزیر کشواہا کا بیان
نئی دہلی ، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت قانون (ایم جی این آر ای جی اے) پر عمل درآمد میں بے قاعدگیوں کا اعتراف کیا، اور کہا کہ اس نے ان بے ضابطگیوں کی اصلاح کرنے اور یہ اسکیم پر عمل کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ مملکتی وزیر برائے دیہی ترقی اُپیندر کشواہا نے راجیہ سبھا کو ایک تحریری جواب میں بتایا کہ وزارت نے اس روزگار اسکیم پر مناسب عمل آوری کیلئے جامع نظام نگرانی اور جائزہ سسٹم قائم کیا ہے۔ کشواہا نے کہا، ’’وزارت کو ایم جی این ریگا کے تحت فنڈز کے بیجا تصرف، فرضی جاب کارڈز اور فہرستیں، کاموں کی عدم فراہمی اور عدم شروعات اور ورکرز کیلئے اجرتوں کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق شکایات وصول ہوئی ہیں‘‘۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال 30 جون تک وزارت کو جملہ 3,641 شکایات وصول ہوئیں، جن میں سے 1,769 کی یکسوئی کردی گئی ہے۔ وزارت کی پیش کردہ تفصیل کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ جملہ 935 شکایات فنڈز کے بیجا تصرف کے ضمن میں وصول ہوئیں اور فہرستوں میں جعلسازی کی 263 شکایات ملیں۔ اسی طرح 249 شکایتیں اجرتوں کی عدم ادائیگی اور 717 کرپشن کے تعلق سے وصول ہوئی ہیں۔ ان بے قاعدگیوں کو دور کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں وزیر موصوف نے کہا کہ ایم جی این ریگا کیلئے مانیٹرنگ کا جامع سسٹم اور ریویو میکانزم قائم کئے گئے ہیں جن میں وقفے وقفے سے پیشرفت کی رپورٹ اور کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے اجلاسوں کا انعقاد شامل ہے۔