چندرا بابو سے چیف سکریٹری کی ملاقات پر مختلف امور کا جائزہ
حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے آج دوبارہ چیف سکریٹری آندھرا پردیش مسٹر پی کے موہنتی نے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں جاری تقسیم کے عمل سے واقف کروایا۔ مسٹر نائیڈو سے ان کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پر ملاقات کے دوران مسٹر پی کے موہنتی نے بتایا کہ ریاست میں ملازمین کی تقسیم کے عمل میں ناانصافیوں کی شکایت کے بعد کیا موقف اختیار کیا جارہا ہے۔ منتخب چیف منسٹر منقسم آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے جاریہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ معمولی مسائل پر الجھنے کے بجائے دونوں علاقوں کی ترقی کے منصوبے تیار کریں۔ انہوں نے مسٹر پی کے موہنتی کے علاوہ ان کے ہمراہ موجود اعلیٰ عہدیداروں سے نئی ریاست میں صدر مقام کے انتخاب کے سلسلہ میں تجاویز طلب کرتے ہوئے کہا کہ عہدیدار مرکزی فنڈز کی حصولی کے منصوبے تیار کریں اور مرکزی پراجکٹس کے منصوبے تیار کرتے ہوئے انہیں اس سے واقف کروائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مرکزی بجٹ کے ذریعہ نئی ریاست کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر پی کے موہنتی چیف سکریٹری آندھرا پردیش نے صدر تلگودیشم سے بات چیت کے دوران ملازمین کی تقسیم کے علاوہ سکریٹریٹ کی تقسیم کے اُمور سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ 2جون سے قبل تمام تر اہم اُمور تکمیل کرلیئے جائیں گے۔ مسٹر نائیڈو نے اس اجلاس میں موجود عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیما آندھرا عوام کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ منقسم آندھرا پردیش کی ترقی کیلئے سرگرم منصوبہ بندی کا آغاز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے ریاست کو انفراسٹرکچرس کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بھی مستحکم بنایا جانا ضروری ہے اسی لئے اعلیٰ سطحی منصوبہ بندی کے ذریعہ نئی ریاست کو ترقی یافتہ ریاست بنایا جاسکتا ہے۔