وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین کو ریاست کی ترقی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ مختلف شعبوں میں ترقی کے باوجود کانگریس قائدین حکومت پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک کروڑ ایکر اراضی کو پانی سیراب کرنے کیلئے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر جنگی خطوط پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے پراجکٹ کے معائنہ کے بعد کہا کہ ملک میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد پراجکٹ ہے۔ سرینواس یادو نے کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے وزراء نے بھی تلنگانہ حکومت کی ستائش کی لیکن تلنگانہ کے قائدین کو ترقی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے تلنگانہ حکومت کی ستائش کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانگریس قائدین کو محض تنقیدوں کے بجائے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پرگتی بھون پر کانگریس کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور سوال کیا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے جب بیگم پیٹ میں کیمپ آفس تعمیر کیا تو اسوقت کانگریس قائدین نے اعتراض کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کے بارے میں کانگریس کے قائدین کو اظہار کا کوئی حق نہیںہے ملک میں کانگریس پارٹی سے بڑھ کر موروثی سیاست کی مثال کسی اور پارٹی میں نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر، کویتا اور ہریش راؤ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرچکے ہیں اور وہ عوامی منتخب نمائندے ہیں۔ ان قائدین نے تلنگانہ کے حصول کیلئے مقدمات کا سامنا کیا اور جیل بھی گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک سے دور رہنے والے قائدین آج خود کو تلنگانہ کا ہمدرد ظاہر کررہے ہیں۔