حکومت پر ڈاکٹروں کو خوفزدہ کرنے کا الزام

عدالتی احکام کی اجرائی تک ہڑتال جاری رکھنے جونیئر ڈاکٹرس کا اعلان
حیدرآباد ۔ 2 ؍نومبر (سیاست نیوز) عدالت کے احکام آنے تک جونیر ڈاکٹرس اپنی ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ حکومت ڈاکٹرس کو خوف زدہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ جونیئر ڈاکٹرس کے نمائندوں نے آج پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے جو بیانات جاری کئے جا رہے ہیں بالکلیہ طور پر بے بنیاد ہیں اور ڈاکٹرس کو مورد الزام ٹھہرانے کی جو کوشش کی جا رہی ہے اس میں حکومت کو کامیابی حاصل نہیں ہوگی ۔ ڈاکٹر دھننجیا ‘ ڈاکٹر سرینواس ‘ ڈاکٹر کانتی چیتنیا ‘ ڈاکٹر عمران ‘ ڈاکٹر آدتیہ اور دیگر نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کے بغیر ڈاکٹرس کو خدمات انجام دینے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ وہ دیہی علاقوں میں شرائط کے مطابق خدمات انجام دینے تیار ہیں ‘ لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت دیہی علاقوں میں سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے قائدین نے بتایا کہ جونیئر ڈاکٹرس کی ہڑتال ‘ ہائیکورٹ کا فیصلہ صادر ہونے تک جاری رہے گی ۔ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد جونیئر ڈاکٹرس اسوسی ایشن اپنی مستقبل کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں طبی عملہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ جاری رکھیں گے ۔ ڈاکٹرس نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ڈاکٹرس کو استعمال کرتے ہوئے اب انہیں غیر اہم قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اسو سی ایشن کے قائدین نے بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی دیہی علاقوں میں ڈاکٹرس کی خدمات کے متعلق موقف میںیکسر تبدیلی لا چکی ہے ۔ ڈاکٹر دھننجیا نے بتایا کہ جونیئر ڈاکٹرس صرف اس لئے دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے سے انکار کر رہے ہیں چونکہ حکومت نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ انتہائی غیر درست ہے ۔
انہوں نے ڈاکٹرس کی ہڑتال کے لئے حکومت کے رویہ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کے باعث طبی امداد کی فراہمی اور طبی خدمات کی بحالی غیر یقینی نظر آ رہی ہے ۔ جونئیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے ذمہ داروں کے بموجب مستقبل میں جو صورتحال پیدا ہوگی اس کے اثرات جونیئر ڈاکٹرس پر ہی مرتب ہوں گے ‘ اسی لئے ڈاکٹرس اپنے تحفظ اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی غرض سے یہ مطالبات کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ حکومت تمام سرکاری دواخانوں کی حالت کو بہتر سے بہتر بنانے کے اقدامات کرے تاکہ صحت عامہ کی برقراری کو یقینی بنائے جاسکے ۔