ونیزویلا 11 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے اپوزیشن لیڈر یوآن گوآئیڈو نے کہا ہے کہ وہ حکومتی کریک ڈاؤن کے باوجود صدر مادورو کی حکومت پر دباؤ بڑھائے رکھیں گے۔ انہوں نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ مادورو حکومت کے خاتمے کے لیے غیر ملکی فوجی دستوں کو بلانے کی سوچ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشلسٹ حکومت کے پاس موجودہ صورت حال کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔ یوان گوآئیڈو کو امریکہ سمیت پچاس کے قریب ملکوں نے وینزویلا کا جائز لیڈر تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے یہ انٹرویو ایسے وقت میں دیا جب ملکی پارلیمنٹ میں اْن کے نائب کو مادورو حکومت نے حراست میں لے لیا ہے۔