کے وینکٹ ریڈی کے گن مین کو واپس طلب کرنے پر کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سابق وزیر کانگریس کے سینئیر قائد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے گن من کو واپس طلب کیا گیا ہے جس پر کانگریس قائدین نے شکوک کا اظہار کیا اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا قتل کرنے کی سازش تیار کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا ۔ اسمبلی بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر نرسمہن دونوں ایوانوں کے مشترکہ ارکان کے ساتھ خطاب کررہے تھے ۔ تب جو واقعہ پیش آیا تھا اس کا اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری نے سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی تھی ۔ تین دن قبل ہی انٹلی جنس عہدیداروں نے ضلع نلگنڈہ پولیس عہدیداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے گن مین واپس لینے کے احکامات جاری کئے ۔ ایک ہفتہ قبل ہی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ان کا قتل کرنے کے لیے ہی گن مین کو واپس طلب کرنے کے شکوک کا اظہار کیا تھا ۔ کانگریس کے قائدین نے گن مین واپس طلب کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقام کی پالیسی اپنا رہی ہے ۔ چند دن قبل کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے کٹر حامی صدر نشین میونسپل چیرپرسن کے شوہر سرینواس کا بے رحمانہ قتل کیا گیا ۔ وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ایک سینئیر قائد کی سیکوریٹی سے دستبرداری اختیار کرنے حکومت کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔۔