حکومت پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کی پابند عہد

چارمینار کے پاس ترقیاتی کاموں کا جائزہ۔ کے ٹی آر کا ارکان اسمبلی کیساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/21مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کے معاملہ میں عہد کی پابند ہے۔ چارمینار کی خوبصورتی اور ترقیاتی پروگرامس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ آج اسمبلی کے کمیٹی ہال میں پرانے شہر کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے پرانے شہر کی ترقی اور دوسرے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت پرانے شہر کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ چارمینار تاریخی عمارت ہے اس کی خوبصورتی اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ اور ترقیاتی پروگرامس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ پراجکٹ کی تکمیل پر سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، انہیں مکمل سہولتیں فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔ بیت الخلائیں، پینے کے پانی کی سہولت، خواتین کیلئے خصوصی شی ٹائیلٹس اور پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چارمینار کے پاس ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی میں ایک آئی اے ایس عہدیدار کی نگرانی میں خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

چارمینار کے اطراف و اکناف کی گلیوں میں ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی۔ فاسٹ ڈیولپمنٹ کے تحت گلیوں کے دکانات میں یکساں نوعیت کے سائن بورڈ لگانے پر زور دیا۔ پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں میں موسی ندی کی خوبصورتی کا جائزہ لیا۔ نیا پل کے برج کے طرز پر موسی ندی میں برج کی تعمیر کیلئے ڈیزائن تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پرانے شہر کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی نے پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کا مطالبہ کیا۔ جس پر وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ حکومت پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کے معاملہ میں عہد کی پابند ہے۔ ناگول تا فلک نما اور فلک نما تا ایرپورٹ میٹرو ریل چلانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ پرانے شہر میں سڑکوں کی ترقی، واٹر ورکس کے کام، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کا بھی کے ٹی آر نے جائزہ لیا۔ ارکان اسمبلی نے موسم گرما کے پیش نظر پرانے شہر میں کم از کم 5 ایم جی ڈی زیادہ پانی سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ معظم جاہی مارکٹ کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ دینے کی سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کو ہدایت دی گئی۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے ٹی یو ایف آئی ڈی سی کارپوریشن کے ذریعہ فنڈز جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی، میٹرو ریل اور واٹر ورکس کے عہدیداروں نے شرکت کی۔