حکومت پاکستان کو وضاحت کرنی ہوگی : بی جے پی

نئی دہلی۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان کو یہ وضاحت کرنی ہوگی کہ آخر کن بنیادوں پر فلم اداکار انوپم کھیر کو ویزا جاری نہیں کیا گیا۔ بی جے پی نے آج یہ بات کہی اور بتایا کہ پاکستانی فنکاروں کو ویزا جاری کرنے کے معاملے میں ہندوستان نے ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بی جے پی سیکریٹری شری کانت شرما نے کہا کہ آخر کیوں پاکستان نے ایک نامور بالی ووڈ شخصیت کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا۔ انہیں الگ تھلگ کیوں کردیا گیا؟ حکومت پاکستان کو اس کی وضاحت کے ساتھ اپنی غلطی درست بھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے پاکستانی فنکاروں کے معاملے میں ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے جو ہندوستان میں اپنے پروگرامس پیش کرتے ہیں۔ فنکاروں کے تبادلے سے امن کے فروغ میں مدد ملتی ہے اور عوام کے درمیان رابطہ استوار ہوتا ہے۔ بی جے پی نے ان دانشوروں کی خاموشی کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے جو ماضی میں عدم رواداری پر سیاحت کے تعلق سے کافی سرگرم تھے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ نام نہاد دروغ گو سیکولر ٹولہ جو ماضی میں کانگریس اور اس کی حلیفوں کی ایماء پر واویلا مچا رہا تھا، اب اچانک خاموش کیوں ہوگیا۔