مہیندر گڑھ 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجیوالا نے آج مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔یہاں راؤ ارجن سنگھ کی جانب سے منعقدہ شہید سمان سمارو سے خطاب کرتے ہوئے سرجیوالا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ ہندوستانی سپاہیوں کی نعشوں کو مسخ کئے جانے پر بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے سپاہیوں پر حملے کر رہا ہے اور گذشتہ 52 مہینوں میں تقریبا تین ہزار مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے اس کے باوجود مودی حکومت پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اس معیاد کے دوران جموں و کشمیر میں 411 سپاہی شہید ہوئے اور 256 عام شہری اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ بی ایس ایف جوان نریندر نسگھ کی ہلاکت پر انہوں نے کہا کہ اس سپاہی کو ایذا دی گئی تھی پاکستان نے اس کا قتل کیا لیکن وزیر اعظم نے اس پر ایک لفظ تک نہیں کہا ۔