نئی دہلی، 9اکتوبر(یو این آئی) حکومت نے پارسل کاروبار میں ہندوستانی ڈاک کی حصہ داری بڑھانے کے لئے محکمہ ڈاک کے تحت ایک الگ پارسل ڈائریکٹوریٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر مواصلات منوج سنہا نے آج عالمی یوم ڈاک پر یہاں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم (ڈاک) محکمہ میں ایک نیا پارسل ڈائریکٹوریٹ بنائیں گے جس میں پوری توجہ پارسل کاروبار پر دی جائے گی۔ اس کا مقصد اگلے دو سال میں اس کاروبار میں محکمہ کی حصہ داری موجودہ تین فیصد سے بڑھاکر دس فیصد کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کا عالمی یوم ڈاک اس لئے خاص ہے کہ ہندوستانی ڈاک نے ڈیجیٹل بینکنگ اور سرکاری خدمات کو گھر گھر پہنچانے کی سمت میں اپنی غیر معمولی رسائی اور لوگوں میں اس کے تئیں بھروسے کا استعمال کیا ہے ۔ اس نے پاسپورٹ سروس سینٹر سے محروم ہر لوک سبھاحلقہ میں پاسپورٹ سروس دینے کے لئے وزارت خارجہ کے ساتھ بھی سمجھوتہ کیا ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ ڈاک محکمہ کے ملازمین میں دوبارہ جوش پیدا کرنے کے لئے میگھ دوت انعام دوبارہ شروع کئے جائیں گے ۔ یہ انعام بہترین کارکردگی کرنے والے ملازمین کو دی جاتی ہے ۔