ہنوئی۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ ملک ویتنام نے حکومت پر تنقیدیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے جس میں 58 سالہ ایک ریٹائرڈ ٹیچر کو بھی نہیں بخشا گیا اور انہیں 14 سال کی سزائے قید دی گئی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملک کے خلاف بغاوت کی کوشش کی۔ سابق پرائمری ٹیچر ڈاؤ قوانگ تھوک کو فیس بک پر ماحولیاتی معاملات اور جنوبی بحیرۂ چین میں ویتنام کے چین سے تنازعہ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا جبکہ ان کی بیٹی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد کے مقدمہ کی سماعت غیراطمینان بخش ہے اور وہ بے قصور ہیں۔ ان کی بیٹی نے مزید کہا کہ عدالت کا فیصلہ شفافیت پر مبنی نہیں ہے جبکہ عدالت میں سماعت کے دوران زیادہ لوگوں کو بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ اکتوبر 2017ء میں میرے والد کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں زدوکوب کیا گیا اور اب وہ انتہائی نحیف و لاغر ہوگئے ہیں۔ انہیں وقت پر کھانا بھی نہیں دیا جاتا تھا اور جوانوں سے مارا جاتا تھا۔