حکومت میںشمولیت پر بی جے پی ۔ سینا مذاکرات کا احیا

ممبئی 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) کئی ہفتوں کی کشاکش کا خاتمہ کرتے ہوئے سابق بھگوا حلیفوں بی جے پی اور شیو سینا آج چار ہفتہ قدیم حکومت مہاراشٹرا میں شیو سینا کی شمولیت کے بارے میں بات چیت کا احیاء کریں گے ۔ بی جے پی کو مختلف گوشوں سے حکومت تشکیل دینے کیلئے این سی پی کی خارجی تائید پر تنقید کا نشانہ بننا پڑا ہے ۔ چنانچہ پارٹی شیو سینا کو ایک مستحکم حکومت یقینی بنانے کیلئے حکومت میں شامل کرنے سے گہری دلچسپی رکھتی ہے ۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کل کہا تھا کہ ان کی پارٹی شیو سینا کے ساتھ اتحاد سے گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ حالانکہ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹیوں میں سخت تلخیاں پیدا ہوگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر شیو سینا اودھو ٹھاکرے سے بات چیت کرچکے ہیں اور دونوں پارٹیوں کے درمیان بات چیت کا آج احیاء ہورہا ہے ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور مہاراشٹرا کے وزیر چندرا کانت پاٹل کو شیو سینا کے ساتھ بات چیت کا احیاء کرنے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ ممکن ہے کہ دونوں پارٹیوں نے علحدہ طور پر انتخابات میں حصہ لیا ہوں لیکن دونوں کے اتحاد میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں ہے ۔