ممبئی۔/6فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کی تیز رفتار ترقی کی ضرور ت کو اُجاگر کرتے ہوئے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا ہے کہ دیویندر فڈنویس حکومت کو چاہیئے کہ وہ ریاست کی معاشی ترقی کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے ’’ ممبئی نیکسٹ سمٹ ‘‘ کی ویڈیو ربط سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی حکومت کے ایجنڈہ میں سرفہرست ہونا چاہیئے۔ انہوں نے چیف منسٹر فڈ نویس کی ترقی پسندخیالات اور منصوبوں کی ستائش کی اور پیشرو چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیانتداری ۔ فیصلہ سازی کے عمل میں رکاوٹ نہیں ہونا چاہیئے۔انہوں نے پرتھوی راج چوہان کے دیانتدارانہ امیج کے پس منظر میں کہا کہ محض دیانتدار ہونا کافی نہیں ہے بلکہ بروقت فیصلہ کرنیکا عزم و حوصلہ ہونا ضروری ہے تاکہ ریاست کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا جاسکے۔